571 وکٹیں لینے والے نیتھن لائن کا مستقبل خطرے میں آگیا، سلیکٹرز پریشان

ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ایشز کے آخری دو ٹیسٹ سے باہر رہنے کے بعد لائن نے بنگلادیش کے خلاف واپسی کی تھی

آسٹریلیا کے تجربہ کار اسپنر نیتھن لائن کی ٹیم میں جگہ اب پہلے جیسی محفوظ نہیں رہی اور سلیکٹرز کو آئندہ سیریز کے لیے ایک اہم فیصلہ درپیش ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر نیتھن لائن ایک دہائی سے زائد عرصے تک ٹیم کا مستقل انتخاب رہے ہیں تاہم جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے خلاف فاسٹ بولنگ پر انحصار بڑھنے کا امکان ہے۔

ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ایشز کے آخری دو ٹیسٹ سے باہر رہنے کے بعد لائن نے بنگلادیش کے خلاف واپسی کی۔

پہلے میچ میں انہوں نے 125 رنز دے کر ایک وکٹ لی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 25 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم میچ میں فاسٹ بولرز کی شاندار کارکردگی کے باعث ان کا کردار محدود رہا۔

39 سال کے ہونے والے لائن 143 ٹیسٹ میچز میں 571 وکٹیں لے چکے ہیں اور اب بھی خود کو ٹیم کا اہم رکن سمجھتے ہیں۔

دوسری جانب اسکاٹ بولینڈ کی موجودگی اور آل پیس اٹیک کا آپشن سلیکٹرز کے لیے ان کی جگہ برقرار رکھنے کو مشکل بنا سکتا ہے۔

وکٹ کیپر ایلکس کیری کے مطابق مختلف پچز کے حساب سے ٹیم کا کمبی نیشن تبدیل کرنے کی صلاحیت آسٹریلیا کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔

Load Next Story