ٹیسٹ رینکنگ: مچل اسٹارک نے جسپریت بمراہ سے پہلی پوزیشن چھین لی
آسٹریلیا کے اسٹار فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے شاندار کارکردگی کی بدولت پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں کی کارکردگی نے مچل اسٹارک کو دو درجے اوپر پہنچایا۔
اسٹارک کی ترقی کے باعث بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری تیسرے نمبر پر چلے گئے۔
بمراہ فروری 2024 سے طویل عرصے تک ٹیسٹ بولرز کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست تھے تاہم سری لنکا کے خلاف جاری سیریز میں ان کی عدم شرکت اور اسٹارک کی شاندار فارم نے صورتحال بدل دی۔
آسٹریلیا کے پیٹ کمنز بھی ایک درجے ترقی کرکے چوتھے نمبر پر آگئے جبکہ نیتھن لائن دو درجے بہتری کے بعد دسویں نمبر پر پہنچ گئے۔
بلے بازوں کی رینکنگ میں ہیری بروک بدستور پہلے اور جو روٹ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ بھارتی وکٹ کیپر رشبھ پانت چھ درجے ترقی کرکے مشترکہ ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔