جوکووچ اور سبالینکا یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز سے باہر
سابق عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ اور چار مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپئن آرینا سبالینکا کو یو ایس اوپن کے مکسڈ ڈبلز مقابلے میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق چیک ریپبلک کی کیٹرینا سینیاکووا اور برطانیہ کے ہینری پیٹن نے بدھ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسٹار جوڑی کو ایونٹ سے باہر کردیا۔
جوکووچ اور سبالینکا نے عمدہ آغاز کرتے ہوئے پہلا سیٹ 1-4 سے اپنے نام کیا تاہم سینیاکووا اور پیٹن نے دوسرے سیٹ میں بھرپور واپسی کرتے ہوئے 2-4 سے کامیابی حاصل کی۔
فیصلہ کن سیٹ ٹائی بریکر میں دونوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور 2-10 سے فتح حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
دونوں فاتح کھلاڑی اپنے اپنے ڈبلز میں عالمی نمبر ایک ہیں۔ اب کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ فرانس کے گیل مونفلس اور یوکرین کی ایلینا سویٹولینا سے ہوگا۔