پمز آتشزدگی؛ اسلام آباد کے دیگر اسپتالوں میں فائر سیفٹی سلنڈرز کی تفصیلات سامنے آگئیں
فوٹو: فائل
اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے افسوس ناک واقعے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے دیگر بڑے سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
ایکسپریس نیوز نے پولی کلینک اور کیپٹل اسپتال میں نصب آگ بجھانے والے فائر سیفٹی سلنڈرز کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں، جہاں آگ بجھانے والے سلنڈرز موجود ہیں، جو مختلف ڈپارٹمنٹس کے باہر نصب کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر استعمال کیے جا سکیں۔
اسلام آباد کیپٹل اسپتال میں موجود فائر سیفٹی سلنڈرز پر اجرا اور میعاد ختم ہونے کی تاریخیں بھی درج ہیں، دستیاب تفصیلات کے مطابق ایک سلنڈر پر اجرا کی تاریخ 30 ستمبر 2025 جبکہ ایکسپائری کی تاریخ 30 ستمبر 2026 درج ہے۔
ادھر پولی کلینک میں نصب فائر سیفٹی سلنڈر پر اجرا کی تاریخ 8 جون 2025 اور ایکسپائری کی تاریخ 7 جون 2027 درج ہے۔
پمز آتشزدگی کے واقعے کے بعد اسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی اہمیت ایک بار پھر اجاگر ہوگئی ہے، اس ضمن میں اسپتالوں میں آگ بجھانے کے آلات کی دستیابی کے ساتھ ساتھ ان کی بروقت جانچ، مؤثر حالت اور عملے کی تربیت بھی انتہائی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ پمز کے گائنی کے شعبے میں آتشزدگی سے 15 نومولود جاں بحق اور ایک بچی معجزاتی طور پر بچ گئی ہیں، واقعے کے بعد وفاقی سیکریٹری صحت کو معطل کردیا گیا ہے۔