پمز واقعے کے بعد پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے حوالے سے اہم اقدامات کی ہدایت
فوٹو: اسکرین گریب
پنجاب کی حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے افسوس ناک واقعے کے بعد صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے حوالے سے اہم اقدامات کی ہدایت کردی ہے اور اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں 57 سرکاری اسپتالوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق اسپتالوں کو بجلی کے لوڈ کی نئی اسیسمنٹ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے اور اسپتالوں میں واٹر ہائیڈرنٹس اور فائر ایکسٹنگوشرز کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فائر ایکسٹنگوشرز کی باقاعدہ انسپیکشن، ری فلنگ اور تبدیلی کے ریکارڈ مرتب کرنے، اسپتالوں کے عملے کو ریسکیو 1122 کے تعاون سے باقاعدگی سے فائر سیفٹی ٹریننگ دینے، تمام سرکاری اسپتالوں کو برقی اور فائر سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے مطابق اسپتالوں میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو اولین ترجیح دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام سرکاری اسپتالوں سے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کی رپورٹ 24 گھنٹے میں طلب کی گئی ہے اور ادارے کے سربراہ کی جانب سے تصدیق شدہ کمپلائنس رپورٹ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات پر فوری عمل درآمد کا حکم جاری کردیا گیا، صوبے کے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کے گرد فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آتشزدگی سے قیمتی معصوم جانوں کے نقصان کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر بڑے سرکاری اسپتالوں میں آگ سے بچاؤ کے پیشی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں صوبہ بھر کے 57 سرکاری اسپتالوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ضرورت کے مطابق اسپتالوں کے گرد فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں گے، آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو اور دیگر اسپتالوں کے پاس فائر ہائڈرنٹس نصب کیے جائیں گے، تمام واسا ایجنیسیوں کو اہم مقامات کی نشان دہی اور فائر ہائیڈرنٹ کی تنصیب کا ٹاسک دے دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کے قریب موجود فائر ہائیڈرنٹس کی دستیابی اور فعالیت کا فوری جائزہ لیا جائے گا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے، محکمہ ہاؤسنگ اور متعلقہ ادارے اسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب میں معاونت کریں گے اور ضرورت کے مطابق اسپتالوں کے گرد نئے فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ مؤثر فائر فائٹنگ کے لیے اسپتالوں کے اطراف فائر ہائیڈرنٹ انفرا اسٹرکچر بہتر بنایا جائے گا۔