راولپنڈی: مدرسے کے 9 سالہ طالبعلم کی تشدد سے ہلاکت، 2 ملزمان گرفتار
فوٹو: فائل
راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں مدرسے کے 9 سالہ طالب علم محمد فیضان کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے معاملے پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق مقتول محمد فیضان کا تعلق بھکر سے تھا اور وہ تقریباً 4 ماہ قبل کلرسیداں کے ایک مدرسے میں تعلیم حاصل کرنے آیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی لاش اسپتال سے بھکر لے جائی گئی جہاں غسل کے دوران جسم پر تشدد کے نشانات سامنے آنے پر اہلخانہ نے پولیس سے رابطہ کیا۔
کلرسیداں پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا اور واقعے کا مقدمہ درج کرکے 2 افراد کو تحویل میں لے لیا جن سے تفتیش جاری ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق واقعے میں جو بھی ملوث پایا گیا اسے گرفتار کیا جائے گا، بچوں پر تشدد کسی صورت قابل قبول نہیں، اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔