کراچی؛ سپر ہائی وے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے دو موٹرسائیکل سوار جاں بحق

ایدھی حکام نے بتایا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں گڈاپ تھانے منتقل کی گئیں

فوٹو فائل

کراچی کے علاقے سپر ہائی وے میں قائم نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ٹریفک حادثے کے دوران کمسن سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایدھی حکام کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں سوسائٹی میں قائم نجی اسپتال منتقل کی گئیں اور بعدازاں گڈاپ سٹی تھانے لے جایا گیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت 52 سالہ عبدرالرؤف اور 9 سالہ صفان خرم نواز کے نام سے کی گئی جو موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

حادثے کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ متوفین کے ورثا کوٹری سے سپر ہائی وے پر قائم گڈاپ سٹی تھانے پہنچ رہے ہیں جس کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متوفین آپس میں رشتے دار بتائے جاتے ہیں۔

Load Next Story