پاکستان لارڈز میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک کیلیے بےتاب
ہم کوشش کریں گے کہ لارڈز میں اپنی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کریں۔
ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میچ سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں کیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج سے دوسرے ٹیسٹ میچ میں لارڈز کے تاریخی میدان میں مدمقابل آئیں گی۔
پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو دیکھا جائے تو شکست یقینی نظر آتی ہے لیکن 8 سال بعد لندن میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والی قومی ٹیم کو ماضی کی کامیابیاں کچھ حوصلہ ضرور دیں گی۔
پاکستان ٹیم دورہ انگلینڈ میں اس دوران کوئی سیریز تو نہیں جیت سکی لیکن لندن کے میدانوں میں کھیلے گئے آخری تینوں ٹیسٹ میچز میں با آسانی فاتح رہی ہے جن میں سے 2 لارڈز اور ایک اوول میں کھیلا گیا تھا۔
پاکستان نے 2016 میں لارڈز ٹیسٹ میں 75 رنز اور اوول ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
بعد ازاں 2018 میں ہونے والے لارڈز ٹیسٹ میں بھی پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جس میں محمد عباس 8 شکار کرکے مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔
یوں پاکستان کو لارڈز میں کھیلے گئے آخری دو ٹیسٹ میچز میں فتح حاصل ہے اور قومی ٹیم اب اس میدان پر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنا چاہتی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 2018 میں قومی ٹیم کو فتح دلوانے والے کپتان سرفراز احمد موجودہ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے انگلینڈ میں اب تک 13 ٹیسٹ میچز جیتے ہیں جن میں سے 10 فتوحات لندن کے لارڈز یا اوول کے میدان میں ہی ملیں۔