کراچی: 12ویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن کونکورڈیا کالج گلشن حدید کیمپس کی طالبہ جنت بنت علی دوست رول نمبر 625716 نے ٹوٹل 1100میں سے 1005نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔
دوسری پوزیشن آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالب علم حمزہ شکیل ولد شکیل احمد رول نمبر 605596 نے 1003نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ جبکہ تیسری پوزیشن بحریہ کالج ایم ٹی خان روڈ کی طالبہ لائبہ ذوالفقار بنت ذوالفقار علی رول نمبر 619907 نے 989نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔
چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے رواں سال امتحانات میں بہترین کارکردگی پر آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کوسراہتے ہوئے کہا کہ پری انجینئرنگ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کرنے کے بعد سائنس جنرل گروپ میں بھی آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے طالبعلم کا دوسری پوزیشن حاصل کرنا طالبعلموں، اساتذہ اور پرنسپل کی محنت، لگن اور بہترین رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کا نمایاں کامیابیاں حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ میں تعلیمی معیار مسلسل بہتر ہورہا ہے۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں 18ہزار 913امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 18ہزار 591 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 10ہزار 511 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
اس طرح کامیابی کا تناسب 56.54فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 748 امیدوار اے ون گریڈ، 2193 اے گریڈ، 3184 بی گریڈ، 3076 سی گریڈ، 1280ڈی گریڈ اور 20امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے جبکہ 10امیدوار پاس ہوئے۔
نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ امیدوا ر اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔