راکی ہارر کے معروف اداکار ٹم کری 80 برس کی عمر میں چل بسے
ٹم کیری اپنے کرداروں کے باعث آج بھی اپنے مداحوں میں زندہ ہیں
ہالی ووڈ کے معروف برطانوی اداکار اور گلوکار ٹم کری 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹم کری نے فلم ’’ دی راکی ہارر پکچر شو‘‘ میں یادگار کردار فرینک این فرٹر اور اسٹیفن کنگ کے 1990 کے ٹی وی ورژن میں خوفناک مسخرے پینی وائز کے کردار کے لیے دنیا بھر میں شہرت پائی تھی۔
ٹم کری کو 2012 میں شدید فالج کا حملہ ہوا جس کے بعد انہیں وہیل چیئر استعمال کرنا پڑی۔ اس کے باوجود انہوں نے فنونِ لطیفہ سے اپنا تعلق ختم نہیں کیا اور بعد کے برسوں میں زیادہ تر وائس ایکٹنگ اور دیگر تخلیقی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔
انہوں نے فلمی کنونشنز میں شرکت بھی جاری رکھی اور گزشتہ برس اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب Vagabond شائع کی۔
ٹم کری کے منیجر اور دیرینہ دوست مارشیا ہر وٹز نے تصدیق کی کہ اداکار نے لاس اینجلس کے علاقے ٹولوکا لیک میں واقع اپنے گھر میں آخری سانسیں لی۔
ادھر لاس اینجلس پولیس نے بتایا کہ رات گئے ایک 80 سالہ شخص کی موت کی اطلاع پر اہلکار بھی موقع پر پہنچے تھے۔
ٹم کری نے 1973 میں لندن کے رائل کورٹ تھیٹر میں The Rocky Horror Show کے اسٹیج ورژن میں فرینک این فرٹر کا کردار ادا کرکے شائقین کی توجہ حاصل کی۔
دو برس بعد 1975 میں اسی میوزیکل کو فلمی پردے پر پیش کیا گیا جس میں ٹم کری نے اپنے منفرد انداز سے کردار کو امر کردیا۔
ابتدا میں فلم کو سینما گھروں میں خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ ایک کلٹ کلاسک بن گئی اور آج بھی دنیا بھر میں اس کے مداح موجود ہیں۔
اس فلم نے طویل عرصے تک سینما گھروں میں نمائش جاری رہنے کا منفرد ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔
پینی وائز کا کردار بھی یادگار رہا
ٹم کری نے 1990 میں اسٹیفن کنگ کے مشہور ہارر ناول It کے ٹی وی ورژن میں خوفناک مسخرے پینی وائز کا کردار ادا کیا، جس نے انھیں ہارر فلموں کے شائقین میں مزید مقبول بنا دیا۔
ان کے دیگر نمایاں فلمی کرداروں میں دی ہنٹ فار ریڈ اکتوبر، اسکیری مووی 2، ہوم الون 2، لیجنڈ، کلیو اور اینی ککونگو شامل ہیں۔
ٹم کری نے صرف فلموں تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ تھیٹر میں بھی شاندار کیریئر بنایا۔ انھیں براڈوے کے معروف ایوارڈ ٹونی کے لیے تین مرتبہ نامزد کیا گیا۔
1981 میں موزارٹ کے کردار پر انھیں پہلی ٹونی نامزدگی ملی اس کے بعد مائی فیوریٹ ایئر اور سپامالوٹ میں اداکاری پر بھی انہیں نامزد کیا گیا۔ انھوں نے Spamalot میں کنگ آرتھر کا کردار ادا کیا تھا۔