وزیراعظم کا اپنے فیصلوں پر عملدرآمد میں غفلت پر اظہار تشویش

گورننس موثر بنانے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں،41 وفاقی وزارتوں کو ہدایات جاری

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراتوں کی جانب  اپنے فیصلوں پر عملدرآمد میں غفلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے41 وفاقی سیکریٹریوں ومحکموں کے سربراہان کو سنجیدگی سے عمل کی واضح ہدایات جاری کر دیں۔

وزیراعظم آفس نے یہ ہدایات ایک وفاقی وزارت کی وزیراعظم کے احکامات پر عملدرآمد کے حوالہ سے غفلت کی نشاندہی پر جاری کیں۔

رپورٹ کے مطابق سرکاری مراسلہ میں کسی وزارت کا نام نہیں، صرف ایک واقعہ کا حوالہ دیا گیا ہے جس پر وزیر اعظم آفس نے ہدایات جاری کیں۔

مراسلے کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے احکامات پر عمل درآمد میں متعلقہ وزارت کے غیر سنجیدہ رویئے پر تشویش کااظہار کیا، اس رویئے کے باعث عوامی مفاد کے اہم امور کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے فوری عملدرآمد یقینی اور گورننس موثر بنانے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  یہ پیش رفت ایسے وقت ہوئی جب کمزور گورننس اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے گورننس سسٹم ناکام ہونے پر بحث زوروں پر ہے۔

وزیراعظم آفس نے کہا کہ ایک مخصوص وزارت اور اس کی متعلقہ محکموں کی غفلت وزیراعظم کے فیصلوں پر عمل درآمد میں غیر ضروری تاخیر کا باعث ہے،  ان کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے ضروری بین الوزارتی تعاون کا بھی فقدان ہے، وزیراعظم نے اس تاخیر، ان کی ہدایات کے مقاصد، نتائج اور فالو اپ پر فوکس کی کمی  کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جو  ایک ذمہ دار، شفاف اور جوابدہ گورننس کے حکومتی وعدوں سے ہم آہنگ نہیں۔

مستقبل میں اس رویہ کی روک تھام کیلئے یہ ہدایت کی جاتی ہے کہ وزیراعظم کی پالیسی ہدایات پر بروقت عملدرآمد ، موثر فالو اپ کیساتھ   پالیسی ہدایات کے مقاصد کا حصول یقینی بنایا جائے۔

Load Next Story