دنیا کی سب سے لمبی مرچ، سوئس مالی نے ریکارڈ قائم کر دیا
(تصویر: گینیز ورلڈ ریکارڈز)
سوئٹزرلینڈ کے مالی یورگ ویزلی نے ایک فٹ 8.6 انچ لمبی مرچ اُگا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ وہ تیسری مرتبہ دنیا کی سب سے لمبی مرچ اُگانے کا ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
یورگ ویزلی نے پہلی بار اکتوبر 2017 میں ایک فٹ 5.7 انچ لمبی مرچ اُگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ یہ مرچ سینٹ گالن کے علاقے جونا میں ہونے والے سبزیوں کے ایک مقابلے کے دوران ناپی گئی تھی۔
اگلے ہی سال 2018 میں ویزلی نے اپنا ہی ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک فٹ 7.9 انچ لمبی مرچ اُگائی۔ اب 11 اگست کو ان کی نئی مرچ کی پیمائش ایک فٹ 8.6 انچ کی گئی، جس کے بعد انہوں نے تیسری بار گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ اچھی پیداوار کے لیے مٹی کو اچھی طرح تیار کرکے اس میں پختہ کمپوسٹ شامل کیا جاتا ہے، جبکہ پودوں کو باقاعدگی سے پانی اور متوازن کھاد دی جاتی ہے۔ تاہم کھاد، کی زیادہ مقدار سے گریز ضروری ہے، کیونکہ اس صورت میں پودا مرچوں کے بجائے زیادہ پتے پیدا کرنے لگتا ہے۔