جنوبی وزیرستان کے بازار میں آئی ای ڈی دھماکا، امن کمیٹی کا رکن جاں بحق اور 8 افراد زخمی

زخمیوں میں امن کمیٹی کے تین ارکان بھی شامل، باجوڑ میں بھی دھماکا، دو بچے زخمی

پشاور:

جنوبی وزیرستان اپر میں واقع مکین بازار میں آئی ای ڈی دھماکے میں امن کمیٹی کا ایک رکن جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر میں مکین بازار میں موٹر سائیکل میں نصب آئی ای ڈی کے دھماکے کے نتیجے میں امن کمیٹی کا ایک رکن عنایت اللہ جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا جمعہ کے روز تقریباً 10:45 بجے مکین بازار میں ہوا، جس کے نتیجے میں متعدد دکانوں اور سامان کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمیوں میں امن کمیٹی کے تین ارکان بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے رزمک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا رہا ہے۔

باجوڑ میں دھماکا، دو بچے زخمی

دریں اثنا باجوڑ کی تحصیل واڑہ ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ خوڑ میں بم دھماکے سے 2 بچے زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں ابوذر ولد ضیاء الرحمن اور جراح ولد سراج الدین شامل ہیں۔ زخمی دونوں بچوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال خار منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Load Next Story