ڈرگ ڈیلر انمول پنکی کی 3 مقدمات میں بریت چیلنج؛ ہائیکورٹ میں اپیل دائر
فوٹو اسکرین گریپ
ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی 3 مقدمات میں بریت کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا۔
پراسیکیوٹر جنرل سندھ کی ہدایت پر ماتحت عدالت کے تینوں فیصلوں کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی گئی، جس میں فیصلے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کے تینوں فیصلے طے شدہ اصولوں کے خلاف ہیں۔ فاضل جج نے تینوں مقدمات میں 13 اگست کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، جس کے بعد عدالت نے مقدمات کے گواہوں کو نوٹس جاری کیے۔ اسی روز ماتحت عدالت نے پراسیکیوٹر کو بھی نوٹس جاری کیے تھے۔
سندھ ہائی کورٹ میں دائر اپیل میں مزید کہا گیا کہ ماتحت عدالت نے 13 اگست کی شام ہی ملزمان اور پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی میں بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنادیا۔ عدالتی نوٹس کے بعد پراسیکیوٹر کو کم از کم 24 گھنٹے کا وقت ملنا چاہیے تھا۔
اپیل میں کہا گیا کہ ماتحت عدالت کے تینوں فیصلے غیر قانونی اور جلد بازی میں کیے گئے۔ سندھ ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کے تینوں فیصلوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔