آیت نور کیس: ریحام خان کی متاثرہ خاندان سے ملاقات، شفاف تحقیقات کا مطالبہ
سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان ہری پور میں کمسن آیت نور کے گھر پہنچیں جہاں انہوں نے بچی کے والدین سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔
ریحام خان نے آیت نور کے والدین سے ملاقات کے دوران واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ ہر فورم پر متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ ظلم کے خلاف سیاست سے بالاتر ہو کر سب کو آواز اٹھانی چاہیے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں، بالخصوص بچیوں کی حفاظت کیلئے انہیں اکیلے گھر سے باہر بھیجنے سے گریز کیا جائے۔
ریحام خان نے قصور اور سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں، اس لیے بچوں کے تحفظ کے معاملے پر معاشرے کو زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔