کیا پاکستان اے آئی کے لیے تیار ہے؟
دنیا میں بعض تبدیلیاں ایسی آتی ہیں جو صرف حالات نہیں بدلتیں، بلکہ زندگی کے طریقے، سوچ کے انداز اور مستقبل کے امکانات ہی تبدیل کر دیتی ہیں۔
صنعتی انقلاب نے مشین کو انسانی محنت کا شریک بنایا، کمپیوٹر انقلاب نے معلومات کی دنیا بدل دی اور انٹرنیٹ نے پوری دنیا کو ایک عالمی گاؤں میں تبدیل کر دیا۔ اب مصنوعی ذہانت، یعنی AI ایک ایسے انقلاب کا آغاز کر رہی ہے جس کے اثرات شاید ہماری توقع سے کہیں زیادہ گہرے اور وسیع ہوں گے۔
اصل سوال یہ ہے کہ جب دنیا AI کے دور میں داخل ہو رہی ہے تو کیا پاکستان اس تبدیلی کے لیے تیار ہے؟یہ سوال محض ٹیکنالوجی کا نہیں۔ یہ پاکستان کے مستقبل، معیشت، تعلیم، روزگار، میڈیا اور قومی پالیسی کا سوال ہے۔
مصنوعی ذہانت کے بارے میں سب سے زیادہ تشویش روزگار کے حوالے سے پائی جاتی ہے۔ عام آدمی کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ اگر مشین انسان کی طرح سوچنے، لکھنے، حساب کرنے، ترجمہ کرنے، تصویر بنانے اور فیصلہ سازی میں مدد دینے لگے گی تو انسان کیا کرے گا؟یہ خوف مکمل طور پر بے بنیاد بھی نہیں۔
دنیا میں ایسے بے شمار کام ہیں جنھیں AI پہلے ہی تیزی سے تبدیل کر رہی ہے۔ کمپیوٹر نے بعض روایتی ملازمتوں کو ختم کیا لیکن بے شمار نئے شعبے بھی پیدا کیے۔
یہی وہ بنیادی حقیقت ہے جسے پاکستان کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کے پاس قدرتی وسائل سے بڑھ کر ایک قیمتی اثاثہ موجود ہے اور وہ ہے ہماری نوجوان آبادی۔ یہ نوجوان اگر جدید ٹیکنالوجی کی تربیت حاصل کر لیں تو پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا معاشی موقع پیدا ہوسکتا ہے۔
ایک پاکستانی نوجوان اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور یا کوئٹہ میں بیٹھ کر امریکا، یورپ، مشرق وسطیٰ یا کسی بھی دوسرے ملک کے لیے کام کر سکتا ہے۔ یہ وہ شعبہ ہے جہاں پاکستان اپنی نوجوان افرادی قوت کو ایک بڑی digital export force میں تبدیل کر سکتا ہے۔ ہمیں اس کے لیے تیاری کرنا ہوگی۔
پاکستان کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہمارا تعلیمی نظام ہے۔ اے ائی کو صرف کمپیوٹر سمجھنا بڑی غلطی ہوگی۔ مستقبل کا ڈاکٹر، انجینئر، وکیل، صحافی، استاد، کاروباری شخص اور سرکاری افسر، سب کو اے آئی کی بنیادی سمجھ درکار ہوگی۔
میڈیا بھی اس انقلاب سے محفوظ نہیں۔ ایک صحافی جو پہلے کسی انٹرویو کو تحریری شکل دینے میں گھنٹوں صرف کرتا تھا، اب وہ کام کہیں کم وقت میں مکمل کر سکتا ہے، لیکن یہی ٹیکنالوجی صحافت کے لیے ایک خطرناک چیلنج بھی پیدا کر رہی ہے۔
ڈیپ فیک ویڈیوز، مصنوعی آوازیں اور جعلی تصاویر مشکل ڈال سکتی ہیں۔یہ صورت حال آنے والے دنوں میں انتخابات، قومی سلامتی، سفارت کاری اور عوامی رائے پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔اس لیے اے آئی کے دور میں صحافت کا سب سے قیمتی اثاثہ صرف رفتار نہیں بلکہ ساکھ ہوگی۔
خبر سب سے پہلے دینے سے زیادہ اہم یہ ہوگا کہ خبر درست ہو۔اگر دشمن طاقتیں AI کے ذریعے جعلی معلومات، جعلی ویڈیوز اور مصنوعی بیانیے تیار کرکے معاشرے میں انتشار پیدا کر سکتی ہیں تو پاکستان کو بھی اس خطرے کے مقابلے کے لیے اپنی صلاحیتیں پیدا کرنا ہوں گی۔ اب جنگ صرف سرحدوں پر نہیں لڑی جائے گی بلکہ جنگ کا میدان انفارمیشن سپیس ہوگا۔
پاکستان کو AI کے حوالے سے ایک جامع قومی پالیسی کی ضرورت ہے جو صرف سرکاری اعلانات تک محدود نہ ہو۔ اس پالیسی کے کم از کم چند بنیادی ستون ہونے چاہئیں۔ اسکولوں اور جامعات میں اے آئی اورڈیجٹل لٹریسی کو نصاب کا حصہ بنانا اور اساتذہ کی تربیت ضروری ہوگئی ہے۔ہمیں صارف نہیں، تخلیق کار بننا ہوگا۔
پاکستان کے سامنے سب سے بڑاخطرہ یہ ہے کہ ہم ہمیشہ کی طرح ایک نئی ٹیکنالوجی کے صرف صارف بن جائیں۔ہم AI applications استعمال کریں، غیر ملکی platforms خریدیں، ان کی services کے لیے ادائیگیاں کریں، مگر اپنی technology، اپنی research اور اپنی intellectual property پیدا نہ کریں۔یہ راستہ ہمیں ہمیشہ دوسروں کا صارف بنائے رکھے گا۔
اگر ہم نے آج اسے تیار کر دیا تو AI پاکستان کے لیے روزگار، برآمدات، تعلیم اور ترقی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔اگر ہم نے اسے نظر انداز کیا تو یہی ٹیکنالوجی ہماری معاشی اور تعلیمی پسماندگی کو مزید نمایاں کر سکتی ہے۔
دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔اب فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے۔ہم مصنوعی ذہانت کے دور میں صرف تماشائی بن کر داخل ہوں گے، یا پاکستان کو اس نئے انقلاب کا حصہ بنانے کے لیے تیزی سے اقدامات کریں؟ کیونکہ مستقبل آنے والا نہیں، آ چکا ہے۔