جنوبی کوریا کا خودکش ڈرون بحری مشق کے دوران فیل، لانچ کے چند سیکنڈ بعد سمندر میں جاگرا

حکام کے مطابق اس خودکش ڈرون کے ٹیسٹ کے دوران اس نوعیت کا مسئلہ پہلی مرتبہ سامنے آیا ہے

سیول: جنوبی کوریا میں مقامی طور پر تیار کیا گیا جدید خودکش ڈرون بحری جنگی مشق کے دوران لانچ ہوتے ہی فیل ہوگیا اور چند سیکنڈ بعد سمندر میں جاگرا۔

یونہاپ کے مطابق یہ ڈرون منگل کے روز جنوبی ساحلی شہر بوسان کے قریب سمندر میں ایک ایمفیبیئس اسالٹ شپ سے لانچ کیا گیا تھا۔ مشق کے دوران ڈرون کو پانی میں موجود ایک کشتی کو نشانہ بنانا تھا۔

جنوبی کوریا کی ایجنسی فار ڈیفنس ڈیولپمنٹ کے مطابق لانچ ٹیوب کے نچلے حصے کے بائیں دروازے کی الائنمنٹ میں خرابی کے باعث ڈرون کا توازن متاثر ہوا۔ لانچ کے فوراً بعد یہ دائیں جانب مڑا اور سمندر میں جاگرا۔

اے ڈی ڈی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ خرابی ڈرون کو اسمبل کرنے یا لانچر کو منتقل کرنے کے دوران پیدا ہوئی، تاہم واقعے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کے مطابق اس خودکش ڈرون کے ٹیسٹ کے دوران اس نوعیت کا مسئلہ پہلی مرتبہ سامنے آیا ہے، جبکہ استعمال ہونے والی لانچ ٹیوب اس سے قبل کئی مرتبہ کامیابی سے استعمال کی جاچکی ہے۔

جنوبی کوریا کا یہ جدید ڈرون طویل دورانیے کے مشن کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اسے 10 گھنٹے سے زیادہ وقت تک فضا میں رہنے کے ساتھ نگرانی اور حملے کے مشنز انجام دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

واقعے کے باوجود جنوبی کوریا نے ڈرون کی تیاری اور تجربات کے حوالے سے تحقیقات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تکنیکی خرابی کی اصل وجہ معلوم کرکے مستقبل کے تجربات میں ایسے مسائل سے بچا جاسکے۔

Load Next Story