شدید گرمی اور حبس میں ملک بھر میں طویل دورانیے کی بجلی بندش جاری، لوڈشیڈنگ 16 گھنٹے تک پہنچ گئی
شدید گرمی اور حبس میں ملک بھر میں طویل دورانیے کی بجلی بندش جاری ہے، شارٹ فال کے باعث بجلی بندش کا دورانیہ 6 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ سے سب سے زیادہ ملک کے جنوبی علاقے متاثر ہیں، جنوبی پنجاب، سندھ اور کے پی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک کے بڑے شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے تک ہے، جبکہ دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک ہے۔ بجلی چوری اور نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے سے بھی زائد ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں رات کے اوقات میں بجلی بندش کا دورانیہ زیادہ ہے۔ حکام کے مطابق بجلی کی فراہمی میں بہتری کا انحصار آر ایل این جی کارگو کی بروقت آمد پر ہوگا۔
پاور ڈویژن کے مطابق آر ایل این جی کی عدم دستیابی سے بجلی کی پیداوار میں تقریباً 3 ہزار 600 میگاواٹ کمی ہوئی، جبکہ منگلا ہائیڈرو پاور منصوبے سے پیداوار بھی تقریباً 195 میگاواٹ کم ہے۔ پاور ڈویژن کا دعویٰ ہے کہ آر ایل این جی کی دستیابی سے بجلی کی پیداوار بہتر ہونے کی توقع ہے۔
دریاؤں اور آبی ذخائر میں پانی کی صورتحال
ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد اور اخراج ایک لاکھ 82 ہزار 100 کیوسک ہے، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 19 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 7 ہزار 400 کیوسک ہے۔
چشمہ بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 98 ہزار 700 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 80 ہزار کیوسک ہے، جبکہ ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 72 ہزار 100 کیوسک اور اخراج 50 ہزار کیوسک ہے۔
نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد اور اخراج 22 ہزار 400 کیوسک ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا ریزروائر میں آج پانی کی سطح 1550 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 55 لاکھ 80 ہزار ایکڑ فٹ ہے، منگلا ریزروائر میں پانی کی سطح 1219.30 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 55 لاکھ 34 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
چشمہ ریزروائر میں آج پانی کی سطح 648.50 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 2 لاکھ 85 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔ تربیلا، منگلا اور چشمہ کے ریزروائرز میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ ایک کروڑ 13 لاکھ 99 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا اور چشمہ کے مقامات پر دریائے سندھ، نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل اور منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد و اخراج 24 گھنٹے کے اوسط بہاؤ کی صورت میں ہے، جبکہ ہیڈ مرالہ سمیت دیگر مقامات پر پانی کی آمد و اخراج کی تفصیل آج صبح 6 بجے کی ہے۔