پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالے گا، وزیراعظم شہباز شریف کل اجلاس میں شرکت کریں گے
فوٹو: اے آئی
وزیراعظم شہباز شریف بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان جائیں گے جہاں پاکستان تنظیم کی صدارت سنبھالے گا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف دورہ کرغزستان میں ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں بشکیک اجلاس کے بعد پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی ایک سال کے لیے صدارت سنبھالے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف 31 اگست کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچیں گے، اور تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کا اجلاس 31 اگست سے یکم ستمبر تک بشکیک میں ہوگا۔
اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ سطح کے نمائندگان شرکت کریں گے، یکم ستمبر کو ایس سی او پلس فارمیٹ میں بھی اجلاس ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف اجلاس سے خطاب میں علاقائی امن و سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون، معاشی روابط، تجارت، رابطہ کاری اور خطے میں ترقی کے لیے کثیرالجہتی تعاون کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
دورے میں وزیراعظم شہباز شریف کرغزستان لہ قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، دورہ ایس سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ کرغزستان کی قیادت سے دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی مرکوز ہوگا۔
بشکیک اجلاس کے بعد پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی ایک سال کے لیے صدارت سنبھالے گا، پاکستان کی ایس سی او صدارت کا اہم ترین ایونٹ 2027 میں اسلام میں ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اپنی صدارت کے دوران علاقائی امن، اقتصادی تعاون، تجارت، رابطہ کاری اور رکن ممالک کے درمیان عملی تعاون کے فروغ کو اجاگر کرے گا۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچ گئے ہیں۔