ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے سندھ چیلنجر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی
ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے پی ایس اے سندھ چیلنجر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔
جہانگیر خان اسپورٹس کلب میں منعقدہ 6 ہزار ڈالرز انعامی رقم کی چیمپین شپ کے فائنل میں سابق قومی چیمپین32 سالہ ناصر اقبال نے اپنے شاگرد 19سالہ عبداللہ نواز کو 48 منٹ کے دلچسپ مقابلے کے بعد 1-3 سے مات دے کر ٹائیٹل اپنے نام کیا۔
سیمی فائنل میں سیڈ 2 طیب اسلم کو ہرا کر اپ سیٹ کرنے والے عبداللہ نواز کے خلاف ناصر اقبال نے پہلا گیم 6-12 سے جیتا، دوسرا گیم عبداللہ نے 3-11 سے جیت کر مقابلہ 1-1 کردیا۔
بعدازاں ناصر اقبال نے اگلے دونوں گیم 2-11 اور 9-11 سے جیت کر وننگ ٹرافی کے ساتھ 950 ڈالرز کی انعامی رقم بھی حاصل کرلی، عبداللہ نواز نے رنر اپ ٹرافی اور 6سو ڈالرز وصول کیے۔