کانگو میں موذی مرض ایبولا کی ہلاکت خیزی جاری، 2800 افراد جان سے گئے

وبا 6 صوبوں کے 60 ہیلتھ زونز تک پھیل چکی ہے، حکام

KINSHASA:

جمہوری جمہوریہ کانگو میں مئی سے جاری ایبولا وائرس کی وبا سنگین صورت اختیار کرگئی ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 800 سے تجاوز کرگئی ہے۔

وزارتِ صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کے 6 صوبوں میں ایبولا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 ہزار 945 تک پہنچ گئی جبکہ کم از کم ایک ہزار 327 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور 896 مریض زیرِ علاج یا قرنطینہ میں ہیں۔

حکام کے مطابق وبا 6 صوبوں کے 60 ہیلتھ زونز تک پھیل چکی ہے جن میں ہاؤت اوئیلے، اٹوری، نارتھ کیوو، ساؤتھ کیوو، باس اوئیلے اور ٹشوپو شامل ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق کانگو میں وائرس کی بنڈی بگيو نامی قسم تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور اس کی منتقلی مسلسل جاری ہے۔

گزشتہ 3 ماہ کے دوران کیسز میں اضافے اور وبا کے نئے علاقوں تک پھیلاؤ نے صورتحال کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔

حکومت نے گزشتہ ہفتے ایبولا کے خلاف ویکسینیشن مہم بھی شروع کردی جس میں طبی عملے اور فرنٹ لائن ورکرز کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

ایبولا کے خلاف کارروائی میں شامل ڈاکٹر رچرڈ کیتینج کا کہنا ہے کہ وائرس پر قابو پانے کے لیے عوام کا تعاون انتہائی اہم ہے کیونکہ احتیاطی تدابیر پر عمل اور متاثرہ افراد کی بروقت نشاندہی ہی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد دے سکتی ہے۔

Load Next Story