کراچی؛ عدالتی حکم پر دہلی گورنمنٹ اسکول سیل، بچے تالا توڑ کر عمارت میں داخل

ہم اپیل پر عدالت جا رہے ہیں، امید ہے عدالت ہمیں سنے گی اور تعاون کرے گی، ڈی او سینٹرل اسکول ایجوکیشن

کراچی:

عدالتی حکم پر گورنمنٹ دہلی اسکول کو سیل کیے جانے کے خلاف سیکڑوں طلبہ، اساتذہ اور والدین نے اسکول کے باہر احتجاج کیا جبکہ بچے اسکول کا تالا توڑ کر عمارت میں داخل ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسکول کے باہر کم عمر طلبہ و طالبات نے احتجاج کیا جبکہ اساتذہ بھی ان کے ہمراہ موجود رہے۔ طلبہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور سڑک پر اسمبلی بھی کی۔

طلبہ اور اساتذہ کا کہنا تھا کہ اگر اسکول نہ کھولا گیا تو وہ سڑک پر کلاسز لگائیں گے۔ 

پرنسپل اسکول علی خان میر جٹ کا کہنا تھا کہ ہم بچوں کو کہیں منتقل نہیں کر سکتے، اطراف میں کوئی اتنا بڑا اسکول موجود نہیں جہاں اتنی بڑی تعداد میں بچے آسکیں۔ اسکول میں 2800 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں، 2100 طالبات اور 700 طلباء زیر تعلیم ہیں۔

استاذہ کے مطابق وزیر تعلیم سردار شاہ سے گزارش ہے کہ اسکول کی عمارت خرید کر ہمارے حوالے کی جائے، اسکول کی ایک تاریخ ہے 1965 سے 1996 تک یہی اسکول میٹرک سائنس میں پوزیشن لیتا رہا ہے، اس سال بھی میٹرک میں اسکول کا نتیجہ 93 فیصد تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سے اب تک عدالت میں کیس کو فالو کر رہے تھے، ہم مسلسل متعلقہ فریق کو اسکول کا کرایہ بھی ادا کر رہے تھے، جون 2026 تک کا کرایہ ہم نے متعلقہ فریق کو ادا کیا ہے۔

ارشد بیگ نے کہا کہ ریونیو ڈپارٹمنٹ اور کمشنر کراچی سے استدعا ہے کہ عمارت کی خریداری کے سلسلے کو تیز کریں، بچوں کو دیگر اسکول میں منتقل کرنے کے لیے بھی اقدام کر رہے ہیں لیکن بچے جانے کو تیار نہیں۔

Load Next Story