ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کی میزبانی سری لنکا سے واپس لیے جانے کا امکان
خواتین کی پہلی چیمپئنز ٹرافی فروری 2027 میں سری لنکا میں شیڈول تھی تاہم اب یہ ایونٹ ملک سے منتقل کیے جانے کا فیصلہ متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق چھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ اسی مدت کے دوران کسی دوسرے مقام پر کھیلا جائے گا اور بھارت کو متبادل میزبان کے طور پر مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
نئے میزبان کا حتمی اعلان اکتوبر میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں کیا جائے گا۔
سری لنکا سے میزبانی واپس لینے کی بنیادی وجہ کرکٹ بورڈ کے معاملات میں حکومتی مداخلت بتائی جا رہی ہے۔
سری لنکا کرکٹ اس وقت ایک عبوری ’ٹرانسفارمیشن کمیٹی‘ کے تحت کام کر رہا ہے جسے حکومت نے مقرر کیا ہے۔
آئی سی سی سیاسی طور پر مقرر کردہ انتظامیہ کو تسلیم نہیں کرتی اسی وجہ سے سری لنکن نمائندے آئی سی سی بورڈ اجلاسوں میں بھی شریک نہیں ہو رہے۔
ٹورنامنٹ کی منتقلی سری لنکا کی خواتین ٹیم کے لیے بھی بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ ٹیم کو میزبان ہونے کی بنیاد پر ایونٹ میں جگہ ملی تھی۔
موجودہ رینکنگ میں سری لنکا ساتویں نمبر پر ہے، جبکہ ٹاپ چھ ٹیمیں ہی براہِ راست کوالیفائی کرتی ہیں۔
ایسی صورت میں ویسٹ انڈیز کو جگہ مل سکتی ہے۔
یہ تین سال میں دوسری مرتبہ ہے کہ سری لنکا سے آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی واپس لی جا رہی ہے۔