راج کمار راؤ مسٹر پرفیکشنسٹ کی راہ پر چل پڑے؛ فلم کیلیے وزن بڑھایا اور پھر کم بھی کیا

مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان بھی فلم دنگل میں اپنے کردار میں حقیقی رنگ بھرنے کیلیے پہلے وزن بڑھا اور پھر گھٹاچکے ہیں

اداکار راج کمار راؤ 42 سال کی عمر میں بھی فٹ نظر آتے ہیں

بالی ووڈ میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی دوڑ میں اپنے کرداروں کو حقیقی بنانے کے لیے جس انتھک محنت کی ضرورت پڑتی ہے وہ عامر خان اور اب راج کمار راؤ کی حوصلہ افزا کہانی میں چھپی ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں چھوٹے چھوٹے کرداروں سے لیڈ رول تک تیزی سے اپنی جگہ بناتے ورسٹائل اداکار راج کمار راؤ اپنی 42ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ 

اس موقع پر انھوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ کردار میں ڈھلنے کے لیے جن غیر معمولی جسمانی خدوخال میں تبدیلیاں کی ہیں۔ اس سے اپنے مداحوں کو آگاہ کردیا۔

راج کمار راؤ نے ویب سیریز ’بوس: ڈیڈ/الائیو‘ میں آزادی کے لیے مسلح جدوجہد کرنے والے پُراسرار لیڈر سبھاش چندر بوس کا کردار ادا کرنے کے لیے اپنا وزن تقریباً 13 کلو بڑھایا تھا۔

تاہم حیرت انگیز طور پر اس سیریز کے بعد راج کمار راؤ نے صرف ایک ماہ میں ہی اپنا وزن 10 کلو وزن کم بھی کرلیا۔ اس حیران کن تبدیلی کے لیے اداکار نے کیا کیا پاپڑ بیلے، آئیں اس کے بارے میں جانتے ہیں۔

ناشتا اور لنچ بھی چھوڑ دیا

راج کمار راؤ نے بتایا تھا کہ فلم بوس کا اسکرپٹ سنتے ہی مجھے پتا چل گیا تھا کہ بڑھایا گیا اضافی وزن بعد میں فوری طور پر کم بھی کرنا ہوگا۔

اداکار نے وزن کم کرنے کے اپنے طریقے سے مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزن کم کرنے کے لیے ناشتہ اور ظہرانہ تک چھوڑ دیا تھا۔ صرف رات کے کھانے پر گزارا تھا۔

راج کمار راؤ نے بتایا تھا کہ رات کی خوراک میں بھی بنیادی طور پر زیادہ پروٹین پر مشتمل ہوتی تھی۔ مسلسل کام میں مصروف رہنے کی وجہ سے انہیں بھوک کا احساس بھی اتنا زیادہ نہیں ہوتا تھا۔

تاہم راج کمار راؤ کا وزن کم کرنے کا معمول صرف خوراک تک محدود نہیں تھا۔

روزانہ 3 گھنٹوں کی ورزش بھی

راج کمار راؤ نے بتایا کہ وہ وزن کم کرنے کے دوران کارڈیو اور اسٹرینتھ ٹریننگ کرتے تھے اور ان کی ورزش کا دورانیہ روزانہ کم از کم 3 گھنٹے تک ہوتا تھا۔

اداکار نے یہ بھی بتایا کہ فٹ رہنا ہمیشہ سے ان کا اصول رہا ہے، اسی لیے تہواروں اور دعوتوں کے دوران بھی انہیں اپنی خوراک پر سختی سے قابو رکھنا پڑا۔

انہوں نے خاص طور پر دیوالی کے دنوں کو مشکل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اپنی پسندیدہ کھانوں سے خود کو روکنا پڑا کیونکہ وزن کم کرنے کا ہدف ان کے سامنے تھا۔

اب ’دادا‘ کے روپ میں نظر آئیں گے

راج کمار راؤ اب بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ساروو گنگولی کی زندگی پر بننے والی بائیوپک ’دادا‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

فلم کا پہلا لک گنگولی کی 54ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا تھا۔ فلم میں گنگولی کے کرکٹ کیریئر اور زندگی کے اہم پہلوؤں کو پیش کیا جائے گا۔

بھارتی لیجنڈری کرکٹر پر بننے والی فلم ’دادا‘ کو وکرمادتیہ موٹوانے ڈائریکٹ کر رہے ہیں جبکہ فلم کو لو رنجن اور انکور گرگ پروڈیوس کر رہے ہیں۔

 

Load Next Story