معیشت کا مالی خسارہ دو دہائیوں کی کم ترین سطح پر آگیا
فوٹو: فائل
رواں مالی سال کے آغاز پر ملکی معیشت میں استحکام کا رجحان برقرار ہے، مالی خسارہ دو دہائیوں کی کم ترین سطح پر آگیا جبکہ بنیادی مالیاتی سرپلس جی ڈی پی کے 2.9 فیصد تک پہنچ گیا ہے تاہم مہنگائی میں اضافے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ نے ماہانہ اقتصادی اَپ ڈیٹ اینڈ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق جولائی 2026ء میں مہنگائی کی شرح 9.2 فیصد رہی، جبکہ ترسیلات زر 3.63 ارب ڈالر اور اشیا کی برآمدات 3.01 ارب ڈالر رہیں۔ آئی ٹی برآمدات میں بھی 17.8 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 417 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026ء میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 4.98 فیصد بڑھی، جبکہ ایف بی آر کی جولائی میں ٹیکس وصولیاں 820.9 ارب روپے رہیں۔
وزارت خزانہ نے معاشی بحالی کا سلسلہ برقرار رہنے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی توانائی کی قیمتیں اور جغرافیائی سیاسی صورتحال اہم خطرات ہیں جبکہ اگست میں مہنگائی 10 سے 11 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔