کراچی؛ سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی،  ایک دہشتگرد مارا گیا، 2 فرار

مارے جانے والے دہشت گرد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے

فوٹو: فائل

کراچی:

سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 فرار ہو گئے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) آپریشن اور وفاقی حساس ادارے نے خدا داد کالونی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا، جہاں دوطرفہ فائرنگ میں ایک دہشت گرد مارا گیا  اور 2 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

مارا جانے والا دہشت گرد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو کارندہ ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی سول لائن آپریشن اور وفاقی حساس ادارے کے اہلکاروں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب خداداد کالونی فٹ بال گراؤنڈ کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا تو دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی ۔

سی ٹی ڈی کے افسران و اہلکاروں نے بھی مورچہ بند ہو کر ملزمان پر جوابی فائرنگ کی ، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے دہشت گرد کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ دوران سفر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔

مارے جانے والے دہشت گرد کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی، جبکہ 2 دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

ذرائع سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد نے زخمی حالت میں اپنا نام مطیع بتایا تھا تاہم شناخت کے حوالے سے بائیو میٹرک کا عمل جاری ہے ۔ مارے جانے والے دہشت گرد سے ایک نائن ایم ایم پستول بمعہ گولیاں ملی ہیں جب کہ جائے وقوع سے دیگر اسلحہ کے خول بھی برآمد کیے گئے ہیں ۔ مارے جانے والے دہشت گرد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے ۔

Load Next Story