زچگی کے سی سیکشن آپریشن سے متاثر ہوکر مس ورلڈ یوگنڈا کا منفرد گاؤن تیار
مس ورلڈ یوگنڈا کے لیے تیار کیا گیا ’زندگی کی تہیں‘ گاؤن سی سیکشن اور زچگی کے سفر سے متاثر ہے۔ (اے آئی سے بنوائی گئی تصویر)
مس ورلڈ یوگنڈا کے لیے تیار کیا گیا ایک منفرد گاؤن ان دنوں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس میں خوبصورتی کے ساتھ ماں بننے اور بچے کی پیدائش کے سفر کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فیشن ڈیزائنر کیشا عبداللہ نے یہ خصوصی لباس ورلڈ ڈیزائنر ایوارڈ کے لیے تیار کیا جسے مس یوگنڈا نے ویتنام میں ہونے والے مس ورلڈ مقابلے کے اسٹیج پر پیش کیا۔
’زندگی کی تہیں‘ جو سی سیکشن میں کھلتی ہیں
ڈیزائنر نے اپنے تخلیقی تصور کو Layers of Life یعنی زندگی کی تہیں کا نام دیا ہے۔
کیشا عبداللہ نے بتایا کہ خصوصی طور پر تیار کیے گئے اس گاؤن کا تصور سی سیکشن کے دوران جسم کی سات تہوں سے متاثر ہے۔
ان کے بقول لباس کی ساخت، تہوں اور رنگوں کے ذریعے بچے کی پیدائش کے اس پیچیدہ اور اہم سفر کو فنکارانہ انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔
ڈیزائنر کیشا عبداللہ نے مزید بتایا کہ گاؤن میں سات تہیں جلد، چربی، بافتیں، پٹھے، پیراٹونیم، بچہ دانی اور ایمبنیوٹک تھیلی کو ظاہر کرتی ہیں۔
ڈیزائنر کے لیے ذاتی تجربہ بھی باعثِ تحریک بنا
کیشا عبداللہ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ خود بھی حال ہی میں ماں بنی ہیں اس لیے بچے کی پیدائش کا تجربہ ان کے لیے محض ایک فیشن آئیڈیا نہیں بلکہ ذاتی سفر بھی تھا۔
انہوں نے بتایا کہ گاؤن تیار کرنے سے قبل سی سیکشن میں شامل سات تہوں کی تصاویر اور تفصیلات کا مطالعہ کیا اور انہیں لباس کے ڈیزائن میں ڈھالنے کی کوشش کی۔
ڈیزائنر کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی خاکہ مس یوگنڈا کی جانب سے منظور ہونے کے بعد اسے حقیقت کا روپ دینا آسان نہیں تھا خصوصاً مختلف رنگوں کے درست شیڈز کا انتخاب ایک بڑا چیلنج ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ یہ گاؤن اس بات کی مثال بن کر سامنے آیا ہے کہ فیشن صرف ظاہری خوبصورتی تک محدود نہیں بلکہ انسانی زندگی، زچگی اور جسمانی تجربات جیسے موضوعات کو بھی تخلیقی انداز میں بیان کرسکتا ہے۔