گمنامی کی زندگی گزارنے والی ماضی کی ہیروئن کی اپنی ویڈیو وائرل ہونے پر مداحوں سے اپیل

فلم راز میں بھوت کا کردار ادا کرنے والی مالینی شرما کی نئی زندگی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی

بالی ووڈ کی مشہور ہارر فلم ’راز‘ میں بھوت کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والی سابق اداکارہ اور ماڈل مالینی شرما نے شوبز سے دور اپنی نئی زندگی سے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

مالینی شرما اس وقت اداکاری سے دور ’دی سلو لوکل‘ نامی فارم اسٹے چلا رہی ہیں جو بھارتی شہر پونے کے قریب سہیادری پہاڑیوں میں واقع ہے۔

حال ہی میں ان کی موجودہ زندگی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو مداحوں کی بڑی تعداد نے فارم اسٹے سے رابطے شروع کردیے۔

صورتحال یہاں تک پہنچ گئی کہ فارم اسٹے کی انتظامیہ کے لیے مسلسل آنے والی فون کالز کو سنبھالنا مشکل ہوگیا، جس پر مالینی شرما نے خود ویڈیو پیغام جاری کرکے مداحوں سے ایک خاص درخواست کردی۔

مالینی شرما نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں مداحوں کی محبت اور غیر معمولی ردعمل پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی توجہ اور اتنے بڑے پیمانے پر ردعمل کا بالکل بھی یقین نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ وہ مداحوں کے پیغامات سے بہت متاثر اور خوش ہیں تاہم فارم اسٹے ایک چھوٹی سی پراپرٹی ہے اور اچانک آنے والی بے شمار فون کالز کو پراسیس کرنا انتظامیہ کے لیے مشکل ہوگیا ہے۔

اداکارہ نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ فارم اسٹے کے نمبر پر فون کرنے کے بجائے واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کریں تاکہ انتظامیہ کے لیے پیغامات اور بکنگز کو سنبھالنا آسان ہوسکے۔

مالینی نے یہ بھی بتایا کہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی بڑی تعداد میں پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ کوشش کروں گی کہ کم از کم ایک مرتبہ ہر شخص کو جواب دے سکوں۔

فلم ’راز‘ سے شہرت حاصل کی

مالینی شرما نے بطور ماڈل اور میوزک ویڈیوز میں کام کرکے شوبز کی دنیا میں پہچان بنائی، تاہم انہیں حقیقی شہرت 2002 کی ہارر فلم ’راز‘ سے ملی۔

وکرم بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں مالینی شرما نے بھوت کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ فلم میں بپاشا باسو اور ڈینو موریا مرکزی کرداروں میں تھے۔

فلم کی کہانی کے ساتھ اس کے گانے بھی خاصے مقبول ہوئے اور مالینی شرما کو ’آپ کے پیار میں‘ گانے میں بھی دیکھا گیا، جس نے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا۔

بعد ازاں مالینی شرما نے ٹی وی سیریز C.A.T.S. میں بھی کام کیا، تاہم وقت کے ساتھ انہوں نے اداکاری اور تفریحی صنعت سے فاصلہ اختیار کرلیا۔

بالی ووڈ کی چمک دمک سے فطرت کے قریب زندگی تک

شوبز سے کنارہ کشی کے بعد مالینی شرما نے اپنی زندگی کا رخ بالکل مختلف سمت میں موڑ لیا۔ اب ان کی مصروفیات میں اداکاری کے بجائے کھانا، فطرت اور فارم اسٹے کی دیکھ بھال شامل ہے۔

سہیادری پہاڑیوں کے پُرسکون ماحول میں قائم ’دی سلو لوکل‘ نے مالنی شرما کو ایک ایسی زندگی فراہم کی ہے جو بالی ووڈ کی چمک دمک سے خاصی مختلف ہے۔

ان کی موجودہ زندگی کی جھلکیاں جب سوشل میڈیا پر سامنے آئیں تو پرانے مداحوں نے انھیں فوری طور پر ’راز‘ کی اداکارہ کے طور پر پہچان لیا جس کے بعد فارم اسٹے سے رابطوں میں اچانک غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔

Load Next Story