ایشا رِکھی کون ہیں؟ بادشاہ کیساتھ خفیہ شادی سے علیحدگی تک مکمل کہانی
بھارتی ریپر اور گلوکار بادشاہ اور پنجابی اداکارہ و ماڈل ایشا رِکھی نے خفیہ شادی کے چند ماہ بعد علیحدگی کا اعلان کردیا۔
دونوں نے 31 اگست کو انسٹاگرام پر ایک جیسے بیانات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے باہمی رضامندی سے اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اعلان کے بعد ایشا رِکھی ایک بار پھر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
ایشا رِکھی کون ہیں؟
ایشا رِکھی بنیادی طور پر پنجابی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ اور ماڈل ہیں۔ انہھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا جس کے بعد فلمی دنیا میں قدم رکھا۔
ایشا رِکھی نے 2013 میں فلم ’جٹ بوائز پٹ جٹاں دے‘ سے اداکاری کا آغاز کیا جس میں ان کے ساتھ سِپی گل اور اوم پوری سمیت دیگر اداکار شامل تھے۔
بعد ازاں انھوں نے کئی پنجابی فلموں میں کام کیا جن میں ’ہیپی گو لکی‘، ’میرے یار کمینے‘، ’واٹ دی جٹ!!‘ اور ’ارداس‘ شامل ہیں۔
ایشا نے 2018 میں فلم ’نوازادے‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں بھی قدم رکھا۔ اس فلم میں ورون دھون، راگھو جویال اور پونیت پاٹھک سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا تھا۔
بادشاہ سے کیسے ملاقات ہوئی؟
رپورٹس کے مطابق بادشاہ اور ایشا رِکھی کی ملاقات ایک مشترکہ دوست کی جانب سے دی گئی پارٹی میں ہوئی تھی۔ دونوں کے درمیان موسیقی اور فلموں میں مشترکہ دلچسپی نے قربت بڑھانے میں کردار ادا کیا۔
اکتوبر 2022 میں بھارتی تفریحی ویب سائٹ پنک ولا کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں تقریباً ایک سال سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق بادشاہ اور ایشا کی ملاقات پارٹی میں ہوئی اور دونوں نے فلموں اور موسیقی میں اپنی مشترکہ پسند کے باعث فوراً ایک دوسرے سے قربت محسوس کی۔
بعد ازاں یہ تعلق تقریباً چار سال تک جاری رہا۔
خفیہ شادی کی تصاویر کیسے سامنے آئیں؟
بادشاہ اور ایشا رِکھی کی شادی کی خبر کئی ماہ تک منظرعام پر نہیں آئی۔ تاہم رواں سال جولائی میں ایشا کی والدہ نے انسٹاگرام پر شادی کی کچھ تصاویر شیئر کیں، جن سے دونوں کی شادی کی تصدیق ہوئی۔
تصاویر میں بادشاہ کو بھورے رنگ کے کُرتے اور سنہری صافے میں دیکھا گیا جبکہ ایشا روایتی سرخ لباس میں نظر آئیں۔ دونوں کو شادی کی رسومات میں اہل خانہ کی موجودگی میں شریک ہوئے اور بعض تصاویر میں پھولوں کے ہار پہنے دیکھا گیا۔
ایشا کی والدہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا، ’’خدا آپ دونوں کو سلامت رکھے‘‘۔ شادی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد دونوں کی نجی شادی کی خبر تیزی سے بھارتی میڈیا میں پھیل گئی تھی۔
بادشاہ کی پہلی شادی بھی ختم ہوچکی ہے
ایشا رِکھی سے شادی سے قبل بادشاہ کی شادی جاسمین مسیح سے ہوئی تھی۔ دونوں نے بعد میں طلاق لے لی تھی۔
ایشا رِکھی کے ساتھ بادشاہ کا تعلق کئی برس جاری رہنے کے بعد شادی تک پہنچا، تاہم یہ رشتہ بھی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکا۔