عمران خان سے ملاقات اور ٹیلیفونک گفتگو نہ کروانے پر دوسری توہین عدالت درخواست دائر

درخواست میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے اور بچوں سے بات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی

سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج معالجے اور اسپتال منتقلی کے معاملے پر ڈاکٹر عظمیٰ خان کی جانب سے دوسری توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے اور بچوں سے بات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 18 اگست کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، بانی پی ٹی آئی کو بیٹوں سے فون کالز کی سہولت نہ دینے جبکہ ڈاکٹر عظمیٰ خان، علیمہ خان اور قاسم زمان کو ملاقات سے روکنے کا الزام ہے۔

توہین عدالت کی درخواست کے ساتھ اضافی دستاویزات بھی جمع کرائی گئیں، اضافی دستاویزات کے لیے دو متفرق درخواستیں بھی دائر کی گئیں۔

دوسری توہین عدالت کی درخواست میں بھی وزیراعظم شہباز شریف کو فریق بنایا گیا ہے، جبکہ چیف کمشنر، سیکرٹری داخلہ و دیگر کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جان بوجھ کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، جواب دہندہ فریق نمبر پانچ چیف ایگزیکٹو ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عدالتی حکم پر عمل نہ کروانے کی ذمہ داری چیف ایگزیکٹو یعنی وزیراعظم آفس پر عائد ہوتی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ یوسف رضا گیلانی توہین عدالت کیس کے اصول کا اطلاق اس کیس پر بھی کیا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عملدرآمد کرایا جائے، بانی پی ٹی آئی کی علیمہ خان، عظمیٰ خان اور قاسم زمان سے ملاقاتیں کرائی جائیں جبکہ بانی پی ٹی آئی کی ان کی بیٹیوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرائی جائے۔
 

Load Next Story