سونے اور چاندی کی عالمی و مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں بڑی کمی

عالمی مارکیٹ میں سونا 113 ڈالر فی اونس اور مقامی سطح پر 11300 روپے فی تولہ سستا ہوگی

کراچی:

فیڈرل بینک امریکا کی افراط زر میں کمی سے متعلق اقدامات سے مستقبل میں شرح سود میں متوقع اضافے کے خدشات سے عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کا تسلسل برقرار ہے۔

گھمبیر جیوپولیٹیکل صورتحال کے باعث بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 113ڈالر کی بڑی نوعیت کی کمی سے 4ہزار 315ڈالر کی سطح پر آگئی ہے جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی بدھ کو فی تولہ سونے کی قیمت 11ہزار 300روپے کی بڑی نوعیت کی کمی سے 4لاکھ 54 ہزار 036روپے کی سطح پر آگئی۔

اسی طرح مقامی سطح پر فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 9ہزار 688روپے کی کمی سے 3لاکھ 89ہزار 262 روپے کی سطح پر آگئی۔

علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 2ڈالر 70سینٹس کی کمی سے 63ڈالر 80سینٹس کی سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 270روپے کی کمی سے 6ہزار 859روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 231روپے کی کمی سے 5ہزار 880روپے کی سطح پر آگئی۔

Load Next Story