ایران کے عراق میں امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے، اہم تنصیبات تباہ کرنے کا دعویٰ
اربیل: ایران کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق کے شہر اربیل میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں اہم فوجی اور تکنیکی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ اربیل میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکام کے مطابق حملوں کے نتیجے میں ایک مرمتی مرکز تباہ ہوگیا، جہاں فوجی سازوسامان کی مرمت کا کام کیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ تکنیکی آلات کے گوداموں کو بھی نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ایرانی مسلح افواج نے مزید دعویٰ کیا کہ حملے میں ایک ایسے نظام کو بھی نقصان پہنچا جو مبینہ طور پر جاسوسی غبارے کی رہنمائی اور کنٹرول کے لیے استعمال ہوتا تھا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق حملوں میں امریکی فوجی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کی مزید تفصیلات بعد میں سامنے آسکتی ہیں۔ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں کیا گیا کہ حملوں میں امریکی فوجی اہلکاروں کے جانی نقصان کے حوالے سے کیا صورتحال ہے۔
Iranian Armed Forces: A combined missile and drone attack on American bases in Erbil destroyed a repair center and warehouses of technical equipment and a spy balloon guidance system at the American base. https://t.co/L1GMrK19XY
— IRIB (Islamic Republic of Iran Broadcasting) (@iribnews_irib) September 2, 2026
اربیل عراق کے نیم خودمختار کردستان ریجن کا دارالحکومت ہے اور خطے میں امریکی فوجی موجودگی کے حوالے سے اہم حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں امریکی فوجی اہلکاروں اور تنصیبات کی موجودگی کے باعث ماضی میں بھی میزائل اور ڈرون حملوں کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔