فریال گوہر کا تشدد سے حمل ضائع ہونے کا الزام؛ جمال شاہ کا ردعمل سامنے آگیا
جمال شاہ اور فریال گوہر کی جوڑی اپنے وقت کی سب سے خوبصورت اور مشہور جوڑی تھی
اداکارہ فریال گوہر اور اداکارہ و مصور جمال شاہ اپنے زمانے کی سب سے خوبصورت جوڑی تھی لیکن بدقسمتی سے یہ شادی زیادہ عرصے نہ چل سکی تھی۔
جمال شاہ اور فریال گوہر نے اپنی شادی اور پھر طلاق کے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔ اس لیے طلاق کی وجہ اور سال کے بارے میں زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
البتہ یہ مشہور ہے کہ دونوں کی شادی 80 کی دہائی کے اوائل میں ہوئی جب جماس شاہ تعلیم کے لیے برطانیہ میں مقیم تھے اور اداکارہ ان کے ساتھ ہی رہ رہی تھیں۔
یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اپنے زمانے کی مشہور جوڑی کے درمیان طلاق 1989 یا پھر 1992 میں ہوئی تھی۔ جمال شاہ نے دوسری شادی 2005 میں کی اور ان کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
اسی طرح فریال گوہر نے بھی سال 2002 میں کیلیفورنیا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر عرفان جمیل رحمان سے دوسری شادی کی تھی لیکن بدقسمتی سے ان کے شوہر کا 2011 میں کینسر کی وجہ سے انتقال ہو گیا تھا۔
اداکارہ فریال نے حال ہی میں ایک ٹی وی چینل پر مارننگ شو میں اداکار جمال شاہ پر تشدد اور حمل ضائع کرانے سمیت سنگین الزمات عائد کیے ہیں۔
ادکارہ نے بتایا کہ شادی کے بعد تشدد کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ان کا حمل ضائع ہوگیا تھا۔ اس کے بعد پھر ایسا ہوا اور اس بار جڑواں بچے ہونا تھے جس کے بعد انہوں نے علیحدگی کا حتمی فیصلہ کیا۔
فریال گوہر نے بتایا کہ شادی کے بعد متعدد بار چمڑے کے بیلٹ سے بار بار مارا جاتا تھا۔ پیٹھ اور گردوں پر ٹُھڈے مارے جاتے تھے جس کی وجہ سے گردوں کی سرجری کرانی پڑی تھی۔
اداکارہ فریال گوہر نے یہ بھی بتایا کہ شادی کے بعد مجھ پر سخت پابندیاں لگائی گئی تھیں۔ گھر سے باہر واک کے لیے بھی آزادانہ نہیں جا سکتی تھیں اور شناخت چھپانے کے لیے ساس کا برقع پہن کر یا بند رکشے میں سفر کرتی تھیں۔
فریال گوہر کے ہولناک انکشاف سامنے آنے پر اداکار جمال شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) پر ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔
جمال شاہ نے کہا کہ ان کی 5 سالہ شادی کے دوران کبھی کوئی جسمانی تشدد نہیں ہوا اور دونوں بہت مہذب طریقے سے الگ ہوئے تھے۔
اداکار جمال شاہ نے حمل ضائع کرانے کے الزام کے جواب میں بتایا کہ 1985 میں فریال گوہر کا حمل تشدد کی وجہ سے نہیں بلکہ لاہور میں منیزہ ہاشمی کے گھر پر کتے کے کاٹنے کے حادثے کی وجہ سے ضائع ہوا تھا۔
جمال شاہ نے وضاحت کی کہ 1986 سے 1988 تک وہ لندن کے سلیڈ کالج آف آرٹس میں پڑھ رہے تھے اور اس دوران انھوں نے بچوں کی پیدائش کے لیے کوئی منصوبہ بندی ہی نہیں کی تھی اس لیے مزید کسی حمل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
اداکار جمال شاہ نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں ایک ٹی وی چینل نے ان کی اور فریال گوہر کی زندگی پر مبنی ڈراما سیریل بنانے کے لیے رابطہ کیا تھا لیکن میں نے اپنی ماضی کی زندگی کو میڈیا کی زینت بنانے سے کر دیا تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی موجودہ اہلیہ اور تین بچوں کے ساتھ پرسکون زندگی گزار رہے ہیں اور ان کے دل میں فریال کے لیے کوئی تلخی نہیں، وہ آج بھی ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔
اداکار جمال شاہ نے کہا کہ آپ لوگ فریال گوہر کے حالیہ الزامات کے بارے میں جو چاہیں ان کے بارے میں تاثر بنائیں لیکن میرے زبان سے ان کے بارے میں کچھ نہیں سنیں گے۔
میں نے آج تک کس بھی انٹرویو میں فریال کو بُرا نہیں کہا، ندا میری بیٹیوں کی طرح ہے جب اُس نے مجھے اپنے پروگرام کے لئے فون پر ریکویسٹ کی تو یہ نہیں بتایا تھا کہ فریال بھی ہونگی۔ ایک آدھ دن بعد اُنکا بھی بتایا تو مُجھے انکار کرنا ذرا معیوب لگا۔ندا کے پروگرام میں خاصا ریزرو رہا اور… https://t.co/mD7NYapO9f
— Jamal Shah (@SydJamalShah) September 2, 2026