اسلام آباد ائیرپورٹ  پر مشکوک گاڑی  کے نہ رکنے پر اہلکاروں کی فائرنگ، 2 کارسوار زخمی

مقدمہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ڈیوٹی آفیسر انسپکٹر محمد وسیم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

راولپنڈی میں تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی انٹری پوائنٹ سے گاڑی زبردستی داخل کرنے اور فائرنگ کے معاملے کا مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ڈیوٹی آفیسر انسپکٹر محمد وسیم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمے کے مطابق ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے سفید رنگ کی میرا گاڑی کو اے ایس ایف چیک پوسٹ کی جانب تیزی سے آتے دیکھا۔ گاڑی کے فرنٹ پر اسلام آباد کا رجسٹریشن نمبر BKD289 جبکہ عقب پر AMU287 کی نمبر پلیٹ لگی تھی۔

اے ایس ایف سیکیورٹی اسٹاف نے گاڑی روکنے کی کوشش کی، تاہم گاڑی سواروں نے نہ روکتے ہوئے چیک پوائنٹ کا بیریئر توڑ دیا اور بغیر شناخت و تلاشی کے ایئرپورٹ بلڈنگ کی جانب بڑھنے کی کوشش کی۔

اسی دوران کسٹم انٹیلیجنس کی انسپکٹر سائرہ اور عملہ بھی چیک پوائنٹ پر پہنچ گیا۔ کسٹم اسٹاف نے اے ایس ایف اہلکاروں کو گاڑی روکنے کا کہا۔

گاڑی مسلسل آگے بڑھنے پر ڈیوٹی پر موجود اے ایس ایف کارپورل سفیان نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے بعد مشکوک گاڑی کو روک لیا گیا۔

گاڑی سے دو افراد زخمی حالت میں ملے، جن کی شناخت عبدالجبار، ساکن کوہلو بلوچستان، اور رحمت اللہ، ساکن تونسہ شریف، ڈی جی خان کے طور پر ہوئی۔ دونوں زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے ایئرپورٹ کی حدود میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔ ملزمان کے خلاف دفعات 353، 186، 279 اور 427 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں کار سوار عبدالجبار تھانہ کوہلو بلوچستان کا اشتہاری ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان مبینہ طور پر نان کسٹم پیڈ گاڑی پر جارہے تھے، جس کے فرنٹ اور بیک پر مختلف نمبروں کی نمبر پلیٹس لگی تھیں۔

کسٹم کی خاتون انسپکٹر سائرہ حسن ٹیم کے ساتھ مشکوک گاڑی کے تعاقب میں تھیں۔ ذرائع کے مطابق ملزمان بظاہر علاقے سے ناآشنا تھے اور تعاقب سے بچتے ہوئے گاڑی ایئرپورٹ کے مرکزی گیٹ سے اندر تک لے گئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے روکنے کے باوجود سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر گاڑی نہیں روکی اور سیکیورٹی حصار کو توڑا، مزید تفتیش جاری ہے۔
 

Load Next Story