کراچی؛ دہلی گورنمنٹ بوائز اسکول کی بندش کا چوتھا روز، سڑک پر تدریس
اسکول کی بندش کے چوتھے روز بڑی تعداد میں طلباء، والدین اور اساتذہ اسکول کے باہر جمع ہوگئے۔ طلباء نے سڑک بند کرکے احتجاج کیا اور اسکول کے باہر اسمبلی کا انعقاد کیا، جس میں اساتذہ بھی شریک ہوئے۔
دہلی گورنمنٹ گرلز اسکول ایک روز کی بندش کے بعد منگل سے کھولا جا چکا ہے لیکن دہلی بوائز اسکول چار روز سے بند ہے۔ دہلی بوائز اسکول کے 800 طلباء چار روز سے تعلیم سے محروم ہیں اور تعلیمی سلسلہ منقطع ہے۔
خاتون استاد نے اسکول کے باہر طلباء کی حاضری بھی لی، جبکہ طلباء سڑک پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے لگے۔ ایک والدہ نے ’’ہمارا اسکول واپس کرو‘‘ کے نعرے لگائے، جس کا طلباء نے بھی جواب دیا۔
بعد ازاں پرنسپل اسکول پہنچ گئے اور اساتذہ کے ہمراہ اسکول کے اندر داخل ہوگئے۔ تین روز کے تعطل کے بعد چوتھے روز دہلی گورنمنٹ بوائز اسکول میں تدریسی عمل شروع ہوگیا۔