سندھ میں زرداری راج کا خاتمہ ہونے والا ہے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سندھ پہنچ گئے

پہلے روز کموں شہید، کندھ کوٹ، گڈو بیراج اور کشمور میں استقبال و خطاب، 6 ستمبر کو کراچی میں جلسہ ہوگا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی 5 روزہ دورۂ سندھ پہنچ گئے جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں خطاب کیا اور 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے کارکنان و عوام سے تیار رہنے کی اپیل کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے سلسلے میں اسٹریٹ موومنٹ کیلیے پانچ روزہ دورے پر رحیم یار خان سے قافلے کی صورت میں سندھ میں داخل ہوئے۔

سہیل آفریدی کے ہمراہ پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل بیریسٹر سلمان اکرم راجہ، ایم این اے مخدوم زاہ زین حسین قریشی، جنید اکبر، مینا خان آفریدی، شفیع جان، عامر ڈوگر، عادل بازائی سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ترجمان محمد علی بلوچ کے مطابق سندھ میں آمد پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، سمیت پی ٹی آئی صوبائی قیادت و رہنماأں و عوام و کارکنان نے اُن کا شاندار استقبال کیا۔

وزیراعلیٰ کا استقبال

کموں شہید کے بعد وزیراعلیٰ قافلے کی صورت میں گڈو بیراج پہنچے، اس کے بعد وہ کشمور میں داخل ہوئے جہاں کارکنوں اور عوام سے خطاب کیا۔ پھر وزیراعلیٰ کا قافلہ کندھ کوٹ پہنچا۔

سہیل آفریدی نے کموں شہید میں عوام اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاندار استقبال پر آپ سب کا شکر گزار ہوں، آپ سب کا جذبہ پچھلی بار سے زیادہ نظر آرہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ریکارڈ ٹوٹنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ سندھ میں زرداری راج کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ انہوں نے شرکا سے سوال کیا کہ عوام بتائیں ڈی چوک جانا چاہتے ہیں یا کراچی؟ اس پر شرکا کی جانب سے ڈی چوک کے نعرے لگائے گئے تو سہیل آفریدی نے ازراہ مذاق پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کو مخاطب کر کے کہا کہ کراچی کا پروگرام منسوخ کردیں کیونکہ یہ سب ڈی چوک جانا چاہتے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام کو معلوم ہے کہ 18 سال سے صوبے میں مسلسل کس کی حکومت ہے، سندھ کی غیور کے عوام دیکھ رہے ہیں یہ لوگ عوام کے ساتھ کتنی زیادتیاں کر رہے ہیں، صوبے کو جو ترقی کا حق حاصل ہے اُسے مطابق حق نہیں دیا جارہا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ بہت جلد سندھ کے عوام کو حق عمران خان دلوائیں گا کیونکہ یہاں کے عوام تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ ہے۔ 27 ستمبر کو عمران خان قوم کا انتظار کریں گے کیا اس کے لیے قوم تیار ہے؟ ستائیس ستمبر کی تیاریوں کے حوالے سے جاری سٹریٹ موومنٹ آج سندھ دھرتی میں داخل ہورہی ہے، ان شاء اللہ ستائس ستمبر کو کراچی سے مکران، خیبر سے مہران، لاہور سے گلگت بلتستان پورا پاکستان سڑکوں پر ہوگا۔

تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سندھ دھرتی کے عوام کے پاس عمران خان کا پیغام لیکر آئے ہیں، یہ پیغام سندھ دھرتی کی ترقی کا پیغام ہے، ہم سندھ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوام کے حقوق کے لئے کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کے پانی اور سندھ دھرتی کی حفاظت کریں گے، سندھ کا فیصلہ سندھ کے عوام کریں گے اور ہم اُن کے ساتھ کھڑے ہیں، کسی ظلم جبر کو سندھ دھرتی پر مسلط ہونے نہیں دیں گے، سندھ دھرتی کے تمام مسلمان اور غیر مسلم سندھ دھرتی کے وارث ہیں اور ہم عوامی فتح تک اُن کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خبرپختون خواہ سہیل آفریدی، مرکزی قائدین کو سندھ کی دھرتی پر آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، پی ٹی آئی کے قائدین عمران خان کا پیغام لیکر سندھ آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج سندھ کی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام کس کے ساتھ کھڑی ہے، سندھ کا پانچ روزہ دورہ تاریخی ثابت ہوگا، عوام پیپلزپارٹی سے بے زار ہوچکے ہیں کیونکہ 18 سالوں میں صوبے کو تباہ کردیا گیا ہے، سندھ کے عوام کے حقوق مسلسل کھائے جارہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کا پانی سودہ کرنے والے سندھ کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، پیپلزپارٹی سندھ دشمن جماعت ہے، 18 سالا کرپشن کا دور جلد ختم ہونے والا ہے۔ سندھ کے عوام کے حقوق کا تحفظ عمران خان کرے گا۔

تحریک انصاف کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی گھوٹکی سے مرید شاخ، گڈو، کشمور کندھکوٹ، سے جیکب آباد پہنچیں گے۔ اس کے بعد 4 ستمبر کو جیکب آباد سے شکارپور، گڑھی یاسین، شہدادکوٹ، قمبر، لاڑکانہ، ٹنڈو مستی نوشہروفیروز جائیں گے۔

پھر 5 ستمبر کو نوشہروفیروز سے نوابشاہ، قاضی احمد، سانگھڑ، میرپورخاص سے عمرکوٹ پہنچیں گے اور 6 ستمبر کو عمرکوٹ سے میرپورخاص، ٹنڈواہلیار، حیدرآباد سے کراچی پہنچیں گے۔

دریں اثنا وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ سے متعلق بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت اسٹریٹ موومنٹ کے لیے سندھ پہنچ رہی ہے۔

شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ضلع گھوٹکی کے کامو شہید سے اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز کریں گے ، جہاں وہ کامو شہید میں کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ پہنچے گی، جہاں کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا جائے گا۔ پارٹی قیادت جیکب آباد میں بھی عوامی رابطہ مہم چلائے گی۔

شفیع جان نے کہا کہ سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ عوامی جدوجہد کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کرے گی۔ عمران خان کے ساتھ ہونے والا سیاسی انتقام عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

متعلقہ

Load Next Story