گاہک نے روبوٹ کو دھکا دیا تو اس نے بھی غصے میں ’لات‘ چلا دی؟ دلچسپ ویڈیو دیکھیں
روس کے ایک الیکٹرانکس اسٹور میں انسان نما روبوٹ اور گاہک کے درمیان پیش آنے والے عجیب واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
وائرل ویڈیو میں سفید شرٹ پہنے ایک شخص کو اسٹور میں موجود ہیومینائیڈ روبوٹ کے قریب جا کر اسے دھکا دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دھکا لگنے کے چند لمحوں بعد روبوٹ اچانک اپنی ٹانگ اس شخص کی جانب بڑھاتا ہے جسے دیکھ کر بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اس نے گاہک کو لات مارنے کی کوشش کی ہو۔
ویڈیو شیئر کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ واقعے کے بعد روبوٹ کی حرکات پر قابو پانے میں مشکل پیش آئی جس پر اسے بند کر دیا گیا۔
ایک صارف نے مذاقاً لکھا کہ ہم سمجھتے تھے مصنوعی ذہانت ہمارے صبر کا امتحان لے رہی ہے لیکن معلوم ہوا کہ دراصل ہم ہی اس کے صبر کو آزما رہے تھے۔
وائرل ویڈیو اور اس کے ساتھ کیے گئے دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی، اس لیے یہ واضح نہیں کہ روبوٹ کی حرکت واقعی گاہک کے دھکے کا خودکار ردعمل تھی یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔