پاکستان اسٹاک ایکسچینچ؛ شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باوجود کاروبار میں تیزی ریکارڈ

کے ایس ای-100 انڈیکس 153.09 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 74 ہزار 929 اعشاریہ 68 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا

فوٹو: فائل

ملک بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکس چینج (پی ایس ایکس) میں اتار چڑھاؤ کے بعد محدود پیمانے پر تیزی رہی، جس کے نتیجے میں 51 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور مجموعی مالیت 5 ارب 62کروڑ 43لاکھ 32ہزار 067روپے بڑھ گئی۔

پی ایس ایکس میں کاروباری دورانیے میں اپ سائیڈ پرافٹ ٹیکنگ سے ایک موقع پر 117پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی لیکن ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان کی معاشی استحکام میں پیش رفت، مالیاتی انتظام اور بیرونی کھاتے پر اطمینان کے اظہار سمیت دیگر مثبت اطلاعات کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے جس سے ایک موقع پر 1019 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی ایک لاکھ 75 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی تھی۔

اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری دن کے اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول کا رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی اور اس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 153.09 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 74 ہزار 929 اعشاریہ 68 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

کے ایس ای-30 انڈیکس 50.80 پوائنٹس کے اضافے سے 52185.07 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 93.53 پوائنٹس کے اضافے سے 106206.57پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 193.39 پوائنٹس کے اضافے سے 249562.17پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم بدھ کی نسبت 3فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 62کروڑ 74 لاکھ 46ہزار 899 حصص کے سودے ہوئے اور کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 494 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 252 کے بھاؤ میں اضافہ 207 کے داموں میں کمی اور 35 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Load Next Story