58 سال کی عمر میں بھی فٹ؛ بھارتی اداکار نے راز سے پردہ اُٹھادیا

بھارتی اداکار حال ہی میں صحت کے مسائل سے بھی گزرے ہیں

اداکار ونے پاٹھک نے اپنی فٹنس کا راز بتادیا

شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والے فنکار اپنی فٹنس کا کس طرح خیال رکھتے ہیں اور بڑھتی عمر کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کیا کیا جتن کرتے ہیں، بھارتی اداکار نے بتادیا۔

بالی ووڈ کے منجھے ہوئے وہ اداکار جو اپنے فن فنکاری کے باعث کسی بھی کردار میں خود کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اب 58 سال کے ہوچکے ہیں اور اس عمر میں بھی مکمل طور پر فٹ اور توانا ہیں۔

یہ بات ہورہی ہے، بھارتی اداکار ونَے پاٹھک کی جو ان دنوں او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور ٹی وی ڈراموں میں کافی مصروف ہیں۔ انھوں نے 58 سال کی عمر میں اپنی فٹنس کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ وہ سادہ گھریلو کھانے، یوگا اور چہل قدمی کو ترجیح دیتے ہیں۔

بھارتی اداکار ونَے پاٹھک نے مزید بتایا کہ فٹ رہنے کے لیے وہ باقاعدگی سے یوگا کرتے اور پیدل چلتے ہیں اور کسی بھی قسم کی پیچیدہ ڈائٹ کے بجائے سادہ طرز زندگی کو ترجیح دیتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ حال ہی میں انھیں صحت کے مسائل کا سامنا بھی رہا تھا لیکن سادہ طرز زندگی نے انھیں اس سے نمٹنے کے لیے طاقت، توانائی اور حوصلہ فراہم کیا۔ 

اداکار نے اپنی نئی تھیٹر پیشکش ’دی تھنگ ود فیدرز‘ کے بارے میں بھی گفتگو کی اور بتایا کہ وہ اس ڈرامے میں کام کرنے پر اس لیے آمادہ ہوئے کیونکہ یہ ایک منفرد انداز میں تیار کیا جا رہا تھا اور ان کے دیرینہ تھیٹر ساتھی راجت کپور اس کی قیادت کر رہے ہیں۔

ونَے پاٹھک نے اپنے مشہور کردار وِنی سر کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تقریباً 30 سال قبل مقبول ٹی وی شو ’ہِپ ہِپ ہُرے‘ کی تخلیق میں بھی کردار ادا کیا تھا اور وِنی سر کا کردار انہوں نے خود اپنے لیے لکھا تھا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس شو میں پیش کیے گئے خیالات اس وقت کے تمام مصنفین، تخلیق کاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز اور اداکاروں کی اجتماعی سوچ کی عکاسی کرتے تھے۔

 

 

Load Next Story