ابھرتی ہوئی بھارتی اداکارہ ممتھا بائیجو پر آخر اتنی تنقید کیوں ہو رہی ہے؟
ملیالی ممتھا بائیجو نے تامل سپراسٹار دھنوش کیساتھ فلم کارا میں مرکزی کردار ادا کیا تھا
بھارتی فلم انڈسٹری ہر ایک ریاست میں ایک الگ رنگ لیے ہوئے ہیں بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ تامل، ملیالی، کناڈا، بھوج پوری، بنگالی اور میراٹھی سمیت متعد فلم انڈسٹریز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ اور چھتیس کا آنکڑا ہے۔
اس بات کا اندازہ ساؤتھ انڈین فلموں کے سپر اسٹار دھنوش کی بلاک بسٹر فلم ’’کارا‘‘ میں اپنی اداکاری سے سب کو سحر زدہ کرنے والی ملیالم اداکارہ ممتھا بائیجو پر ہونے والی تنقید سے لگایا جا سکتا ہے۔
فلم کارا تامل زبان میں ہے جب کہ اس میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ممتھا بائیجو کا تعلق تامل سے نہیں بلکہ ریاست کیرالہ سے ہے اور ان کی زبان ملیالم ہے۔
ممتھا بائیجو سے تامل فلموں میں دوسری زبانوں کے اداکاروں کی کاسٹنگ پر ہونے والی بحث کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے موقع ملا تو میں نے اسے قبول کیا کیونکہ وہ بطور اداکار خود کو مزید مختلف کرداروں میں آزمانا چاہتی ہیں۔
اداکارہ کے بقول کسی کردار کے لیے کسی اداکار کو منتخب کرنا دراصل فلم ساز کا فیصلہ ہوتا ہے۔ ایک فنکار ہونے کی حیثیت سے میری کوشش یہ ہوتی ہے کہ وہ کردار میں اتنی حقیقت پیدا کریں کہ ناظرین انہیں اس کردار کے لیے موزوں سمجھیں۔
اداکارہ ممتھا نے مزید کہا کہ اگر وہ کسی دیہی کردار میں حقیقت پسندانہ نظر آئیں تو یہ ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہوگا۔ اداکاری میں نئی حدود کو آزمانا ضروری ہے چاہے معاملہ زبان کا ہی کیوں نہ ہو۔
تامل فلم ’کارا‘ کے ہدایت کار وگنیش راجا نے بھی ملیالی اداکارہ ممتھا بائیجو کی کاسٹنگ پر ہونے والی بحث پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس کردار کے لیے تقریباً 20 سے 25 اداکاراؤں کے آڈیشن لیے گئے تھے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ان تمام آڈیشنز میں سب سے اچھا کردار ممتھا نے ہی نبھایا، آڈیشن میں ان کی پرفارمنس کے نزدیک بھی کوئی دوسری اداکارہ نہیں پہنچ سکی۔
وگنیش راجا کا کہنا تھا کہ ممتھا کو منتخب کرنے کا فیصلہ مکمل طور پر ان کی صلاحیت اور کردار کی ضرورت کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ اگر وہ صرف مارکیٹ یا سیاسی طور پر درست دکھائی دینے کے بارے میں سوچتے رہیں تو تخلیقی کام متاثر ہوگا۔
دوسری جانب اداکارہ ممتھا نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وہ تیز بخار اور جسم میں درد کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
ممتھا نے آسٹریلیا میں اپنے مداحوں سے ملاقات کے لیے ہونے والی تقریب میں شرکت نہ کر سکنے پر افسوس کا اظہار کیا۔
انھوں نے ایک بار پھر کہا کہ تامل فلم ’کارا‘ میں میری کاسٹنگ پر اب بحث ختم ہوجانی چاہیے۔ فنکاورں کو زبان کی حدود وقیود سے نکل جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ ممتھا بائیجو ملیالم سنیما میں اپنی اداکاری کے باعث نمایاں مقام بنا چکی ہیں اور اب تامل فلموں میں بھی کام کر رہی ہیں۔ ’کارا‘ میں ان کی کاسٹنگ نے زبان اور علاقائی سنیما میں اداکاروں کے انتخاب سے متعلق بحث چھیڑ دی تھی۔