جوس میں نشہ آور شے پلا کر فارم ہاؤس میں اسلام آباد کی رہائشی خاتون کا گینگ ریپ
سیکٹر ای الیون اسلام آباد کی رہائشی خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا، ٹیکسلا پولیس نے مبینہ زیادتی اور اغوا کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں دفعہ 375 اور 367 اے کے تحت درج کیا گیا، خاتون نے عدنان خان، حرا اور دیگر پر مبینہ الزامات عائد کیے۔
مدعیہ کے مطابق فیملی سے ملوانے کا جھانسہ دے کر فارم ہاؤس لے جایا گیا جہاں اسے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ جوس میں نشہ آور شے پلائی گئی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
خاتون نے پہلے تھانہ شالیمار سے رجوع کرکے درخواست دی، پولیس نے سی ڈی آر کے مطابق فارم ہاؤس کی لوکیشن ٹیکسلا، راولپنڈی بتائی۔
شالیمار پولیس نے متاثرہ خاتون کا ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ اور ڈی این اے سیمپلز محفوظ کرائے، بعد ازاں معاملہ تھانہ ٹیکسلا ریفر ہونے پر خاتون کی درخواست پر ٹیکسلا پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
ٹیکسلا پولیس کے مطابق تفتیش شروع کی گئی تو موبائل فون ٹاور لوکیشن کی حدود میں کوئی فارم ہاؤس نہیں ملا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ فارم ہاؤس کی نشاندہی کے لیے خاتون کو طلب کیا گیا تاہم وہ تھانہ ٹیکسلا نہیں پہنچی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے مدعیہ کا تعاون درکار ہے، لیکن طلب کرنے پر بھی وہ نہیں آئی۔