اے این ایف کی اطلاع پر سری لنکن اور امریکی حکام کی کارروائی، افغان منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب
اے این ایف نے بڑی کامیابی حاصل کرلیا جب کہ افغانستان میں قائم بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، کراچی پورٹ پر کنٹینر سے 200 کلوگرام آئس برآمد کرلی گئی، افغان سرغنہ احسان اللہ اور مقامی سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا۔
افغان سرغنہ سے تحقیقات کے دوران کولمبو بھیجی گئی منشیات سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئیں، اے این ایف نے قابلِ عمل انٹیلی جنس سری لنکن حکام اور امریکی ادارے ڈی ای اے سے بروقت شیئر کی۔
مشترکہ کارروائی میں کولمبو پورٹ پر تولیوں میں چھپائی گئی 471 کلوگرام آئس برآمد کرلی گئی، کراچی اور کولمبو پورٹس سے افغان نیٹ ورک سے منسلک مجموعی طور پر 671 کلوگرام آئس ضبط کی گئی۔
اے این ایف ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغان ساختہ منشیات سے متاثرہ ریاست ہے، سری لنکن حکام اور امریکی ڈی ای اے نے اے این ایف کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر تعاون کو باضابطہ طور پر سراہا۔
کارروائی بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف کی انٹیلی جنس صلاحیت اور عالمی تعاون کی مؤثر عکاس ہے۔