ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بونداباندی کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اسلام آباد سمیت بالائی اور وسطی  پنجاب، خیبرپختونخوا، جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، اسی طرح اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش مری میں 53 اور اٹک میں 40 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ ہفتے کو خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات نے بتایا  کہ صبح کے اوقات میں چند مقامات پر موسلادھار بارش  بھی متوقع تاہم ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب  رہنے کا امکان ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ آج رات اور صبح موسلادھار یا شدید موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے، اس دوران کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھو ہار کے مقامی برساتی اور ندی نالوں بشمول نالہ لئی میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

مزید بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم صبح کے اوقات میں موسلادھار بارش  بھی متوقع ہے۔

خیبرپختونخواہ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود   رہنے  کے علاوہ دیر، سوات، شانگلہ، چترال، کوہستان، بٹگرام، بونیر، نوشہرہ، پشاور، صوابی، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، کوہاٹ اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ صبح کے اوقات میں چند مقامات پر موسلادھار بارش  بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شام یا رات کو  کرک، ہنگو، بنوں، ٹانک، وزیر ستان، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

صوبہ پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور قصورمیں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا  امکان ہے جبکہ صبح کے اوقات میں  چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع بھی ہے۔

اسی طرح شام اور رات کو سرگودھا، میانوالی، خو شاب، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، نورپور تھل، لیہ، بھکر، تو نسہ، ٹی ٹی سنگھ، ملتان، سا ہیوال اور ڈی جی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب تاہم کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بونداباندی کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ  ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیش گوئی ہے تا ہم شام یا رات کو ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہو اؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

Load Next Story