شاہد آفریدی سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے سفیر کھیل مقرر
فوٹو: سندھ پولیس
پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اور سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر کھیل مقرر کردیا گیا ۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام سینٹرل پولیس آفس کراچی کے محمد علی شاہ آڈیٹوریم میں پاکستانی کرکٹ لیجنڈ شاہد خان آفریدی کو بطور سفیر کھیل کے تقرر کے اعزازمیں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے چیئرمین ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، ایس ایس پی میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز، معروف کاروباری شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی، تقریب میں شاہد خان آفریدی کو سفیر کھیل کی تقرری کی سند بھی پیش کی گئی، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور شاہد خان آفریدی کے درمیان باہمی شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
آئی جی سندھ نے شاہد خان آفریدی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر بن کر آپ نے ہمیں بہت بڑے اعزازسے نوازا ہے، سندھ پولیس میں کھیلوں کا فروغ ہمیشہ سے ترجیحات میں شامل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس میں کھیلوں کا انعقاد ہمارا خواب تھا اور بزنس کمیونٹی کے تعاون سے یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ میں ان تمام بزنس کمیونٹی کے دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سندھ پولیس سے تعاون کیا، اسپورٹس کا مقصد نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا اور منشیات کے استعمال سے دور رکھنا ہے، رواں سال نومبر میں ملک بھر کی پولیس کو شامل کر کے اسپورٹس کا بڑا میلہ سجایا جائے گا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ بچپن میں سندھ پولیس کی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اور کھیلنا میرا خواب تھا، میں کراچی میں پیدا ہوا یہاں سندھ پولیس کی تین کرکٹ ٹیمیں ہوا کرتی تھیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر مقرر کیے جانے پر خوشی اور اعزاز محسوس کررہا ہوں، سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری پر منتظمین کا شکر گزار ہوں۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھوں گا، کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت کے لیے سندھ پولیس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔