فون کال کے ذریعے ڈیٹا ہیک کرنے کا پی ٹی اے کا انتباہی پیغام جعلی نکلا

پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر 7080507-051 نمبر سے متعلق گردش کرنے والے وارننگ پیغام کو جعلی اور گمراہ کن قرار دے دیا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پر 7080507-051 نمبر سے متعلق گردش کرنے والے وارننگ پیغام کو جعلی اور گمراہ کن قرار دے دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل پیغام میں پی ٹی اے سے منسوب کرتے ہوئے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ مذکورہ نمبر سے آنے والی کال موصول کرنے سے چند ہی سیکنڈز میں موبائل اکاؤنٹس اور ذاتی معلومات چوری ہوسکتی ہیں۔

پیغام میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ یہ نمبر ایسے سافٹ ویئر سے منسلک ہے جو 5 سے 7 سیکنڈ کی کال کے دوران موبائل فون سے ڈیٹا حاصل کرسکتا ہے۔

وائرل پیغام میں شہریوں سے کہا گیا تھا کہ وہ مبینہ سائبر فراڈ سے بچاؤ کے لیے یہ انتباہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں تک بھی پہنچائیں۔

تاہم پی ٹی اے نے واضح کیا کہ ایسا کوئی انتباہ اس کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس پیغام کا اتھارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔

ٹیلی کام ریگولیٹر کے مطابق مذکورہ فون نمبر سے متعلق جعلی نوٹیفکیشن کئی روز سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔

پی ٹی اے نے عوام کو ہدایت کی کہ سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی غیرمصدقہ معلومات پر اعتماد نہ کریں اور نہ ہی انہیں آگے شیئر کریں۔

پی ٹی اے نے شہریوں پر زور دیا کہ مستند معلومات اور تازہ ترین اعلانات کے لیے اتھارٹی کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رجوع کریں۔

پی ٹی اے کی وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں سائبر فراڈ اور آن لائن جعلی انتباہات کے حوالے سے عوامی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔

Load Next Story