بھارت: بیٹی کے یاد کرنے پر باپ 14 گھنٹے کا سفر کر کے ملنے پہنچ گیا

خاتون نے ایک رات اپنے والد کو پیغام بھیجا کہ وہ انہیں یاد کر رہی ہیں، اگلی صبح ان کے والد ان سے ملنے پہنچ گئے

بھارت میں ایک باپ بیٹی کا پیغام ملتے ہی 14 گھنٹے کا سفر طے کر کے اس سے ملنے پہنچ گیا۔

انسٹاگرام پر @apple.kaivalya کے نام سے معروف خاتون نے ایک رات اپنے والد کو پیغام بھیجا کہ وہ انہیں یاد کر رہی ہیں۔ بیٹی کو شاید صرف ایک جواب کی توقع تھی، لیکن اگلی صبح جب انہوں نے دروازہ کھولا تو ان کے والد بیگ کندھے پر ڈالے سامنے کھڑے تھے۔

والد نے بیٹی سے ملنے کے لیے 14 گھنٹے کا سفر کیا جبکہ انہیں واپس جانے کے لیے بھی مزید 14 گھنٹے سفر کرنا تھا۔ یوں صرف تقریباً آٹھ گھنٹے بیٹی کے ساتھ گزارنے کے لیے مجموعی طور پر 28 گھنٹے کا سفر کیا گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تھکن کے باوجود والد نے آرام کرنے کے بجائے بیٹی کے گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹایا، برتن دھونے میں مدد کی، اسے باہر لے کر گئے اور اس کی پسندیدہ کھانے کی چیزیں بھی کھلائیں۔ اس دوران وہ اپنے کام سے متعلق فون کالز بھی نمٹاتے رہے۔

واپسی سے قبل والد نے بیٹی سے کہا، ’’تم جو بھی کرو، بس خوش رہو۔ میں ہمیشہ تمہارے ساتھ ہوں۔‘‘

بیٹی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ والد اس لیے نہیں آئے کہ اس نے انہیں آنے کو کہا تھا بلکہ وہ اسے یہ یاد دلانے آئے تھے کہ وہ کبھی اکیلی نہیں ہے۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین نے والد کی محبت اور بے لوث جذبے کو سراہا۔ کئی افراد نے اسے والدین کی غیر مشروط محبت کی بہترین مثال قرار دیا، جبکہ بعض صارفین نے کہا کہ صرف بیٹی کے ’یاد آنے‘ کے اظہار پر اتنا طویل سفر کرنا والد کی محبت کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔

Load Next Story