سچے واقعے پر بنی نانا پاٹیکر کی قتل اور اعتراف جرم پر مبنی فلم آپ کے چھکے چھڑا دے گی

1966 میں پُراسرار قتل اور پہلی بار کسی پادری کو سزائے موت پر بنی نانا پاٹیکر کی یہ فلم تہلکہ مچانے کو تیار

نانا پاٹیکر کی نئی فلم تہلکہ مچانے کو تیار

بالی ووڈ کے منجھے ہوئے اداکار نانا پاٹیکر ایک بار پھر ایسی کہانی لے کر پردے پر آنے والے ہیں جس کے پیچھے چھپا حقیقی واقعہ آج بھی لوگوں کو حیران کرتا ہے۔

سچے مگر ہولناک واقعے پر بنائی اس فلم کی کہانی جون 1966 سے شروع ہوتی ہے جب کیرالہ کے رانی علاقے میں 43 سالہ بیوہ اور پانچ بچوں کی ماں ماری یاکٹی کی لاش مداتارووی ندی کے قریب سے ملی۔

واقعے نے اس وقت پورے ملک میں تہلکہ مچا دیا جب عینی شاہدین نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے مقتولہ کو قتل سے کچھ دیر قبل ایک رومن کیتھولک پادری کے ساتھ دیکھا تھا۔

اس کے تقریباً ایک ہفتے بعد 37 سالہ فادر بینیڈکٹ اونامکلم کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

پادری پر قتل کا الزام، پھر کیا ہوا؟

فلم میں پادری پر الزام تھا کہ اس نے ماری یاکٹی کو ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر اپنے ساتھ لے جاکر قتل کیا۔ مقدمہ چلا، پادری کو مجرم قرار دیا گیا اور عدالت نے سزائے موت سنادی۔

یہ فیصلہ اس لیے بھی غیر معمولی تھا کہ فلم کے پس منظر کے مطابق بھارت میں قتل کے جرم میں کسی کیتھولک پادری کو پہلی مرتبہ سزائے موت سنائی گئی تھی۔

لیکن اصل کہانی کا سب سے حیران کن حصہ یہیں سے شروع ہوتا ہے اور یہی وہ پہلو ہے جسے ’دی کنفیشن آف میری‘ پردۂ سیمیں پر کھولنے جارہی ہے۔

نانا پاٹیکر سمیت بڑے نام ایک ساتھ

فلم میں نانا پاٹیکر کے ساتھ آشیش ودیارتھی اور عادل حسین جیسے تجربہ کار اداکار بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

فلم کی کاسٹ میں گوتم روڈ، جوئے سینگپتا، نیہا مہاجن، پنکھڑی اوستھی اور میناکشی مارٹن بھی شامل ہیں۔

اسکرین پلے معروف مصنف سی پی سریندرن نے تحریر کیا ہے جبکہ فلم کا میوزک امر موہیلے نے ترتیب دیا ہے۔

ٹورنٹو میں نمائش کے بعد فلم کب ریلیز ہوگی؟

’دی کنفیشن آف میری‘ کی ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں نمائش کے بعد اس کی سینما ریلیز سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

فلم کی کہانی بظاہر صرف ایک قتل کی تفتیش تک محدود نہیں بلکہ مذہب، ادارہ جاتی دباؤ، انصاف اور سچ کی تلاش جیسے حساس موضوعات کو بھی چھوتی ہے۔

نانا پاٹیکر، آشیش ودیارتھی اور عادل حسین کی نئی کرائم ڈراما فلم ’دی کنفیشن آف میری‘ کا پریمیئر معروف ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہوگا۔
 

Load Next Story