’اللہ ہماری دعاؤں پر ہنستے ہوں گے‘، مذہبی اسکالر کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین برہم
پاکستان کے ایک ٹی وی پروگرام میں مذہبی اسکالر ڈاکٹر علی وقار قادری کی دعاؤں سے متعلق گفتگو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئی، صارفین نے ان کے الفاظ کو نامناسب قرار دیتے ہوئے معافی کا مطالبہ کر دیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’قطب آن لائن‘ میں میزبان بلال قطب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر علی وقار قادری نے مسلمانوں کے صرف دعا پر انحصار کرنے اور عملی اقدامات نہ کرنے کے رویے پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اللہ سے دعائیں کرتے ہیں کہ غزہ کو فتح ملے، اسرائیل تباہ ہو اور پاکستان سے کرپشن ختم ہو جائے لیکن جب خود مشکل میں پڑتے ہیں تو امریکا کی طرف دیکھتے ہیں۔
اسی دوران مذہبی اسکالر نے کہا کہ ’اللہ ہماری ان دعاؤں پر ہنستا ہو گا‘، جس کے بعد انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے انسان کو عقل، کتاب، ضابطۂ حیات اور زندگی گزارنے کا طریقہ دیا ہے، اس لیے دعا کے ساتھ عملی کوشش بھی ضروری ہے۔
تاہم ڈاکٹر علی وقار قادری کے بیان میں اللہ تعالیٰ کیلئے ’ہنسنے‘ کے الفاظ کے استعمال پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے پروگرام میں موجود دیگر افراد کے ردعمل پر بھی اعتراض کیا اور گفتگو کے دوران ہنسنے کو غیر مناسب قرار دیا۔