گوجرانوالہ: بوٹنگ کے دوران نجی کشتی اُلٹنے سے 4 افراد ڈوب گئے
پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں وزیرآباد کنارا ہوٹل کے مقام پر بوٹنگ کے دوران نجی کشتی اُلٹنے سے چار افراد ڈوب گئے، تین کو بچا لیا گیا جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے، ریسکیو 1122 کے مطابق لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کو گجرات کنٹرول سے واقعے کی اطلاع موصول ہوئی، ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ لاپتہ شخص کی شناخت 35 سالہ وسیم ولد اکرم، سکنہ سماں گاؤں، ضلع گجرات کے نام سے ہوئی۔
واٹر ریسکیو آپریشن میں بوٹ پٹرولنگ کے ذریعے ڈوبنے والے شخص کی تلاش جاری ہے۔ ڈوبنے والی جگہ پر دریا کی گہرائی تقریباً 20 فٹ جبکہ چوڑائی تقریباً 800 فٹ ہے۔ واٹر ریسکیو آپریشن میں تین ریسکیو بوٹس، والنٹیرز اور 14 ریسکیورز حصہ لے رہے ہیں۔