لاہور ہائیکورٹ میں مزید 26 عدالتیں قائم، نئی کثیر المنزلہ عمارت کا افتتاح

عمارت میں ہائی کورٹ ملازمین اور پولیس اہلکاروں کے لیے کیفے کی سہولت بھی فراہم

لاہور:

لاہور ہائیکورٹ میں مزید 26 عدالتیں قائم، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے اسٹیٹ آف دی آرٹ نئی کثیر المنزلہ عمارت کا افتتاح کردیا۔

نئی کثیر المنزلہ عمارت میں ایک گراؤنڈ فلور، 8 بالائی منزلیں جبکہ 2 زیر زمین منزلیں شامل ہیں، لاہور ہائیکورٹ میں پہلے سے موجود 42 عدالتوں کے بعد اب نئی کثیر المنزلہ عمارت میں 26 نئی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

نئی عمارت کی دونوں زیر زمین منزلیں فاضل ججز کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص کی گئی ہیں، ایک منزل پر جدید کانفرنس روم اور دو منزلوں پر عدالتی ریکارڈ رومز قائم کئے گئے ہیں۔

عمارت میں ہائی کورٹ ملازمین اور پولیس اہلکاروں کے لیے کیفے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، نئی عدالتوں کے قیام کو عدالتی نظام میں توسیع کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

نئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں لاہور ہائیکورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس صداقت علی خان، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس فیصل زمان خان، جسٹس مرزا وقاص رؤف، جسٹس چودھری محمد اقبال سمیت لاہور ہائیکورٹ کے تمام فاضل ججز صاحبان نے شرکت کی۔

Load Next Story